پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم بارڈر پر گیٹ کی تعمیر کے معاملے پر مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم

فلیگ میٹنگ میں پاکستان طورخم میں گیٹ کی تعمیر کے مطالبے پر قائم ، افغان حکام کا گیٹ کی تعمیر سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان آمدورفت کھولنے کا مطالبہ

جمعرات 16 جون 2016 23:11

پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم بارڈر پر گیٹ کی تعمیر کے معاملے ..

خیبر ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جون ۔2016ء ) پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم بارڈر پر گیٹ کی تعمیر کے معاملے پر مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم ہو گیا ،فلیگ میٹنگ میں پاکستان طورخم میں گیٹ کی تعمیر کے مطالبے پر قائم ہے جبکہ افغان حکام نے گیٹ کی تعمیر سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان آمدورفت کھولنے کا مطالبہ کردیا۔

جمعرات کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق طورخم بارڈر پرگیٹ کی تعمیر کے معاملے پر پاک افغان حکام کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بے نتیجہ ختم ہو گیا ،فلیگ میٹنگ میں پاکستان طورخم گیٹ کی تعمیر کے مطالبے پر قائم ہے جبکہ افغان حکام نے گیٹ کی تعمیر سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان آمد ورفت کھولنے کا مطالبہ کیا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان طورخم بارڈر اتوار کی شام سے بند ہے ۔

(جاری ہے)

طور خم بارڈر پر گیٹ اور باڑ لگانے کا تنازع پچھلے دو ماہ سے چل رہا ہے ۔ اس سے قبل پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زاخیلوال نے طورخم سرحد پر گیٹ کی تعمیر جاری رکھنے پر پاکستان کو سنگین نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کو سفارتی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے معاہدے کے باوجود پاکستانی فورسز کی جانب سے طورخم سرحد پر گیٹ کی تعمیرکا کام نہیں روکا گیا ،پاکستانی فوجی قیادت کو خط بھیج دیا ہے ، پاکستان کسی بھی نتائج کا خود ذمہ دار ہوگا۔

عمر زاخیلوال نے فیس بک پر اپنے پیج پر پوسٹ ایک آن لائن بیان میں کہا ہے کہ گیٹ کی تعمیر کے کام کو روکنے اور سفارتی مذاکرات کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے کے معاہدے کے باوجود پاکستانی فورسز کی جانب سے طورخم سرحد پر گیٹ کی تعمیرکا کام نہیں روکا گیا ہے ۔زخیل وال نے مزید کہا کہ پاکستانی فوجی وفد کے ساتھ طورخم سرحد پر سیز فائر،مسئلے پر اعلی سطح کے مذاکرات،اعلی سطح کے وفد کی طرف سے بات چیت کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے او مسئلے کے حل تک تعمیراتی کام روکنے کے حوالے سے معاہدہ ہوا تھا۔

افغان سفیر کا کہنا تھاکہ مسئلے کے بارے میں پاکستانی فوجی قیادت کو ایک خط بھیجا گیا ہے ۔زخیلوال نے خبردار کیا کہ پاکستان کسی بھی نتائج کا ذمہ دار ہوگا۔اگر تنازعہ کی تفصیلات جاری کرنے پر مجبور کیا جائے گا تو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کو جاری رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہوگی ۔واضح رہے کہ پاک افغان طور خم سرحد پر گیٹ کی تعمیر پر پاکستان اور افغانستان کی سرحدی فورسز کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی تھیں۔