بھارت و امریکہ منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو افغان بارڈر پر الجھانا چاہتے ہیں ، جان بوجھ کر خطہ کے امن کو برباد کیاجارہا ہے ،افغانستان میں قائم قونصل خانوں میں پاک چین راہداری منصوبہ کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کی جارہی ہیں ،دشمن قوتوں کے مذموم منصوبے ناکام بنانے کیلئے جرأتمندانہ پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی ، دفاع پاکستان کونسل کے تحت 19جون کو فیصل آباد اور 26جون کو گوجرانوالہ میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنسیں ہوں گی

امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کا افطار پروگرام سے خطاب

جمعرات 16 جون 2016 22:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جون ۔2016ء) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت و امریکہ منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو افغان بارڈر پر الجھانا چاہتے ہیں۔ جان بوجھ کر خطہ کے امن کو برباد کیاجارہا ہے۔افغانستان میں قائم قونصل خانوں میں پاک چین راہداری منصوبہ کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔

دشمن قوتوں کے مذموم منصوبے ناکام بنانے کیلئے جرأتمندانہ پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی۔ دفاع پاکستان کونسل کے تحت 19جون کو فیصل آباد اور 26جون کو گوجرانوالہ میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنسیں ہوں گی۔ قومی مذہبی و سیاسی قیادت خطاب کرے گی۔ وہ جمعرات کو ہجویری ہاؤسنگ سکیم میں افطار پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم تمام سیاسی قیادت اور سماجی تنظیموں کو دعوت دیتے ہیں کہ یہ مفادات کی سیاست کا مسئلہ نہیں ملکی دفاع کیلئے سب متحد ہو جائیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کا دفاع مضبوط ہو گا تو آپ دنیامیں انقلاب برپا کر سکیں گے۔ پاکستان کیخلاف معاہدے ہو رہے ہیں۔ ہم نے کہا تھا کہ پاکستانی سرحدی علاقوں میں امریکی ڈرون پہنچ چکے ہیں۔ امریکی اسلحہ نصب کیا جارہا ہے ۔لوگ کہتے تھے کہ یہ کیابا ت کی ہے لیکن بھارت امریکہ معاہدوں کے بعد آج یہ سب باتیں درست ثابت ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں شکست کھانے والا امریکہ اگر انڈیا میں آرہا ہے اور بحر ہند میں آکر بیٹھ رہا ہے تو یہاں بھی کچھ نہیں کر سکے گا۔

کہاجارہا ہے کہ انڈیا کو سپلائر گروپ میں شامل کردو،میں سوال کرتا ہوں کہ کیا لاکھوں کشمیری مسلمانوں کا قاتل انڈیا کا یہ حق بنتا ہے؟کہ اسے سلامتی کونسل کی رکنیت دی جائے یا سپلائر گروپ میں شامل کیا جائے۔ اگر تم یہ حق دینا چاہتے تویہ کوئی سیاست نہیں بلکہ اسلام دشمنی ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ اہل پاکستان کے جذبات پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔

دفاع پاکستان کونسل نے یہ تاثر ختم کر دیا ہے کہ رمضان میں تحریک نہیں چل سکتی۔ملک بھر کے مختلف شہروں میں ہونے والے پروگراموں کی طرح 19جون کو فیصل آباد اور 26جون کو گوجرانوالہ میں ہونے والی دفاع پاکستان کانفرنسوں میں ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ نریندر مودی امریکی کانگریس میں جاکر کہتا ہے کہ انڈیا اور امریکہ فطری اتحادی ہیں۔

پاکستان کیخلاف دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا جارہا ہے لیکن انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ مسلمان متحدو بیدار ہیں۔ امریکہ افغانستان میں شکست کھا کر روس کی طرح عبرتناک انجام سے دوچار ہو رہا ہے۔ سعودی عر ب اور پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کیلئے خوفناک منصوبہ بندیاں کی جارہی ہیں لیکن یہ سازشیں ان شاء اﷲ کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر و فلسطین میں آزادی کی تحریکیں چلانے والوں کو دہشت گرد کہا جاتا ہے، لیکن فلسطین و شام سمیت مسلم مقبوضہ خطوں میں مسلمانوں پر بدترین تشدد کے باوجود پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

بھارت خطے میں دہشت گردی پروان چڑھا رہا ہے۔ افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ دہشت گردی کے اڈے ہیں۔ وہیں سے پاکستان میں تخریب کاری و قتل و غارت گری پروان چڑھانے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔