شاہراہ فیصل شہر کی سب سے اہم شاہراہ ہے جس پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل اور مستقل بنیادوں پر اقدامات اور نگرانی ضروری ہے،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 16 جون 2016 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جون ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ شاہراہ فیصل شہر کی سب سے اہم شاہراہ ہے جس پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل اور مستقل بنیادوں پر اقدامات اور نگرانی ضروری ہے،وہ جمعرات کوشہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے،پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ محمد حسین سید ، سیکریٹری بلدیات بقاء اﷲ انڑ، کمشنر کراچی اعجاز خان، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

گورنرسندھ نے کہا کہ شاہراہ فیصل پر ٹریفک جام کی صورت بھی نہ صرف عوام کو انتظار کی وجہ سے ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس کے باعث ایندھن کا ضیاع اور ماحولیاتی آلودگی بھی پیدا ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ شاہراہ پر مجوزہ یوٹرن کے منصوبے کے آغاز سے قبل اس ضمن میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ہے جن میں ٹریفک کے بہاؤ پر اس کے اثرات بھی شامل ہیں ۔

انہوں نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے حکام کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں پاکستان ریلویز اور پاک آرمی کے متعلقہ کام سے قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ یہ منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جاسکے گورنر سندھ نے ملیر 15 کے قریب لوپ کی تعمیر کا کام جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اسے جلد از جلد عوام کے استعمال کے لئے کھولا جاسکے۔انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی سے صفورہ چورنگی تک یونیورسٹی روڈ کے دونوں ٹریکس کی تعمیر نئے مالی سال میں شروع کرکے اسے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔

اس موقع پر گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ دونوں ٹریکس کی تعمیر کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فنڈز مختص کردئیے گئے ہیں اور دونوں ٹریک کی تعمیر سے قبل ان کی فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے شہر میں مختلف مقامات پر تجاوزات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے، بلکہ حادثات بھی جنم لے رہے ہیں،کمشنر کراچی نے گورنر سندھ کو بتایا کہ اس ضمن میں ایک جامع منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے اور رمضان المبارک کے اختتام پر شہر سے تجاوزات کے خاتمے کی بھرپور مہم چلائی جائے گی،گورنر سندھ نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز اور عباسی شہید اسپتال کے مسائل کے حل کے حوالے سے بھی ایڈمنسٹریٹر کراچی سے پیش رفت کی رپورٹ طلب کی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بتایا کہ دونوں اسپتالوں کے مسائل حل کئے جارہے ہیں اور ان دونوں اسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے گورنر سندھ نے کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کوایمپریس مارکیٹ بحالی منصوبہ پر بھی کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی،تاکہ جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔