فلاح انسانیت فاونڈیشن کی جانب سے تھرپارکر کے قحط زدگان میں لاکھوں روپے مالیت کا "رمضان پیکیج" تقسیم

جمعرات 16 جون 2016 21:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جون ۔2016ء ) فلاح انسانیت فاونڈیشن کی جانب سے تھرپارکر کے قحط زدگان میں لاکھوں روپے مالیت کا "رمضان پیکیج" تقسیم کر دیا گیا۔ رمضان پیکیج میں ایک ماہ کا آٹا، گھی، چاول، چینی، دالیں، روح افزا اور دیگر اشیائے خورونوش شامل ہیں۔ رمضان پیکیج فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالروف نے خود دور دراز گوٹھوں میں جا کر متاثرین میں تقسیم کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ عبدالروف نے کہا کہ فلاح انسانیت فاونڈیشن عرصہ دراز سے تھری بھائیوں کی خدمت میں مصروف ہے۔ پانی کی فراہمی کے لئے ایک ہزار سے زائد کنویں بنائے جا چکے ہیں گزشتہ دو سال سے جاری قحط کے دوران ایک 64 ہزار مریضوں کا علاج معالجہ ہوا 58 ہزار قحط متاثرہ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ تھرپارکر کے عوام کے لئے مٹھی میں ہسپتال بھی تعمیر کر رہے ہیں۔

فلاح انسانیت فاونڈیشن ہر سال دیگر علاقوں کی طرح تھرپارکر میں بھی بڑے پیمانے پر رمضان پیکیج تقسیم کرتی ہے اس رمضان میں بھی ہم تھری لوگوں کے لئے سحر و افطار کا سامان لیکر پہنچے ہیں تاکہ یہ بھی ان دوردراز ریت کے ٹیلوں پر دیگر مسلمانوں کی طرح احسن انداز سے رمضان گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر بھی تھرپارکر کے بچوں میں عید گفٹ پیک تقسیم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :