کراچی،ملک میں جب تک غریب اور امیر کیلئے ایک قانون وانصاف نہیں ہوگا اس وقت تک ملک، قوم ترقی نہیں کرسکتی،محمد حسین محنتی

جمعرات 16 جون 2016 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جون ۔2016ء) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کرپشن کے ایک کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے اس ریمارکس کہ ’’کرپشن کرنے والے قومی مجرم ہیں، نیب پالیسی تبدیل کرے‘‘ کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کا ادارہ بااثر اور بڑی مچھلیوں کو پلی بارگینگ کے نام پر کرپٹ لوگوں کو چھوٹ اور مزید کرپشن کرنے کا راستہ دکھاتا ہے، جس کیلئے قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔

پانچ ہزار روپے بجلی کا بل ادا نہ کرنے والے غریب آدمی تو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوتا ہے مگر ایک کروڑ کی کرپشن کرنے والا کرپٹ فرد پلی بارگینگ کے نام پر چند لاکھ روپے دیکر پاک وصاف ہوجاتا ہے، یہ کہاں کا انصاف ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بھی 150سے زائد کرپشن کے میگا اسکینڈل کے فائل نیب کے پاس موجود ہیں مگر بااثر افراد ہونے کی وجہ سے ان پر ہاتھ نہیں ڈالا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

یہ دہرا معیار ختم ہونا چاہئے۔ملک میں جب تک غریب اور امیر کیلئے ایک قانون وانصاف نہیں ہوگا اس وقت تک ملک، قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم بھی اس سلسلے کی کڑی ہے،انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت کا عادلانہ نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو موجودہ بحران وکرپٹ قیادت سے نجات اور عوام کے تمام مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔جماعت اسلامی کے رہنما نے زوردیا کہ عدالت عظمیٰ کے ریمارکس پر اورکرپٹ قیادت کا گھیرا تنگ کرنے کیلئے ازسرنو قانون سازی کی جائے تاکہ قومی دولت کی لوٹ مارکرنے والے نشان عبرت اورہمیشہ کے لے نااہل ہوجائیں۔

متعلقہ عنوان :