سندھ بجٹ2016-17ء میں انڈینٹرز کا سروس ٹیکس ختم نہ کرنے پرشدید مایوسی کا اظہار

جمعرات 16 جون 2016 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جون ۔2016ء) انڈینٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان(آئی اے او پی) نے سندھ کے مالی سال 2016-17کے بجٹ میں تجاویز شامل نہ کرنے اورانڈینٹرزپر عائدسروس ٹیکس ختم نہ کرنے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین خرم سعید اورسابق چیئرمین ثاقب فیاض مگوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے انڈینٹرز پر صوبائی ٹیکس کا خاتمہ کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انڈینٹرزصوبے اور اندرون ملک خدمات فراہم نہیں کرتے بلکہ بیرون ملک خدمات برآمد کرتے ہوئے غیر ملکی سپلائرز کو خدمات فراہم کرتے ہیں لہٰذا انڈینٹرز کو دیگر برآمدی شعبوں کی طرح ٹیکس میں استثنیٰ دیا جائے،انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل میں بجٹ اناملیز سے پیدا ہونے والے مسائل اور اْن کے حل کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کے لیے انڈینٹرز کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس بلانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈینٹرز برآمدی صنعتوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے صنعتی و کمرشل درآمدکنندگان کے بیرونی سپلائرز کے ساتھ سودے طے کروانے میں خدمات پیش کرتے ہیں تاکہ صنعتی پیداواری سرگرمیوں کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ مقامی طلب کو پورا کیا جاسکے حالانکہ انڈینٹرز کی آمدنی انتہائی کم ہوتی ہے اس کے باوجود ملک میں خطیر زرمبادلہ لاتے ہیں،خرم سعید اورسابق چیئرمین ثاقب فیاض مگوں نے کہاکہ برآمدی شعبوں کی حوصلہ افزائی کے بجائے سندھ حکومت نے گزشتہ برس سے غیر منصفانہ سروس ٹیکس عائد کیا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت کو یہ باور ہونا چاہیے کہ برآمدی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیوں کو بلا رکاوٹ جاری رکھنے، خام مال کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے بیرونی سپلائرز کے ساتھ رعایتی داموں سودے طے کروانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ بچتا ہے بلکہ انڈینٹرز کے کمیشن کی صورت میں ملک کو خطیر زرمبادلہ حاصل ہوتا ہے لہٰذ سندھ حکومت کے مالی سال2016-17ء کے بجٹ میں اناملیز کا خاتمہ کرتے ہوئے انڈینٹرز کو صوبائی ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیاجائے اور صوبائی حکومت کے دائرہ اختیارسے خارج کیا جائے،انہوں نے سندھ ریونیوبورڈ ( ایس آر بی) کے سا تھ خوشگوار ماحول میں مختلف اجلاسوں کا حوالہ بھی دیا جس میں سندھ کے مالی سال 2016-17ء کے بجٹ میں انڈینٹرز پر سروس ٹیکس ختم کرنے کی تجویز دی گئی تھی، لیکن یہ امر حیران کن ہے کہ سندھ حکومت نے بجٹ میں انڈینٹرز پر سروس ٹیکس برقرار رکھا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ،صوبائی وزیر خزانہ اور چیئرمین ایس آر بی سے گزارش کی کہ انڈینٹرز کا ایک ایجنڈا مطالبہ ہے کہ انہیں صوبائی سروس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :