کراچی ، مشتاق رئیسانی کا فرنٹ مین سلیم شاہ 20جون تک راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے

ملزم نے ابتدائی تفتیش میں کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں 10سے زائد قیمتی بنگلوں کی ملکیت کا اعتراف کیا،نیب وکیل

جمعرات 16 جون 2016 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جون ۔2016ء) کراچی کی مقامی احتساب عدالت نے کروڑوں روپے کی بدعنوانی کے الزام میں گرفتار سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے فرنٹ مین سلیم شاہ کو 20جون تک راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے ۔جمعرات کواحتساب عدالت میں سلیم شاہ کو پیش کیا گیا ۔نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں 10سے زائد قیمتی بنگلوں کی ملکیت کا اعتراف کیا ہے۔

ملزم اس اسکینڈل کے حوالے سے مزید تحقیقات کرنی ہیں ۔عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کو ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے ۔احتساب عدالت نیب وکیل کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے ملزم سلیم شاہ کو 4روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پولیس نے سابق سیکرٹری بلوچستان مشتاق رئیسانی کے فرنٹ مین سلیم شاہ کو اﷲ والا چوک کے قریب کارروائی کر کے گرفتار کیا تھا ۔پولیس حکام کی جانب سے سلیم شاہ کی گرفتاری کی اطلاع نیب کو دی گئی جس پر نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹیلی جنس کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم نے سلیم شاہ کو اپنی تحویل میں لے کر کراچی منتقل کردیا۔ نیب ذرائع کے مطابق سلیم شاہ کو جلد کوئٹہ منتقل کردیا جائے گا۔ ملزم سلیم ضلع قلات کا ایڈمنسٹریٹر بھی رہ چکا ہے ۔

متعلقہ عنوان :