سابق چیئرمین فشرمین کورپوریٹو سوسائٹی نثار مورائی کو جیل بھجوا دیا گیا

رینجرز نے جو پوچھا صاف صاف بتا دیا ، ہوسکتا ہے ڈاکٹر عاصم کی طرح میری ویڈیو بھی سامنے آجائے ،نثار مورائی کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 جون 2016 17:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جون ۔2016ء) سابق چیئرمین اسٹیل مل سجاد حسین شاہ کے قتل میں ملوث فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کے سابق چئیرمین ڈاکٹر نثار مورائی کوعدالت نے 23جون تک جیل بھیجوادیاہے۔جمعرات کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میں سابق چیئرمین اسٹیل مل سجاد حسین شاہ کے قتل کیس کی سماعت ہوئی تو عدالت نے ڈاکٹر نثار مورائی کو ریمانڈ کیلئے متعلقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ۔

ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یہ کیس قسطوں میں ری اوپن کیا جا رہا ہے ۔ نثار مورائی کے وکیل خواجہ نوید نے طبی معائنے کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے کہا کہ ہم نے ملزم کی گرفتاری یا پیشی کا حکم نہیں دیا ۔ تاہم بعد میں عدالت نے ملزم کو 23 جون تک جیل بھیج دیا اور ملزم کی طبی معائنے کی درخواست پر سرکاری وکیل کو پیر کے لئے نوٹس جاری کر دیئیے ۔

(جاری ہے)

عدالت کے باہر ملزم نثار مورائی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ رینجرز نے جو پوچھا صاف صاف بتا دیا ، ہوسکتا ہے ڈاکٹر عاصم کی طرح میری ویڈیو بھی سامنے آجائے ، مشکلات تو مردوں پر ہی آتی ہیں ، میری اور ذوالفقار مرزا کی عزیر بلوچ سے کئی ملاقاتیں ہوئیں لیکن عزیر میرے آفس کبھی نہیں آیا. میں نے آصف زرداری یا لیاری گینگ وار کو کوئی رقم نہیں دی ہے۔

متعلقہ عنوان :