حکومت معیاری اور بامقصد تعلیم کی فراہمی کے لئے سرکاری کالجز کو ہرممکن سہولیات فراہم کررہی ہے،مشتاق غنی

جمعرات 16 جون 2016 16:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جون ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم ،اطلاعات وتعلقات عامہ مشتاق احمد غنی نے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت معیاری اور بامقصد تعلیم کی فراہمی کے لئے سرکاری کالجز کو ہرممکن سہولیات فراہم کررہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے کالجز کے مینجمنٹ کوزیادہ اختیارات دئے گئے ہیں۔

تدریسی ودیگر عملے کی حاضری یقینی بنانے اورکالجو ں میں دیگر مسائل کی نشاندہی کے لے مانیٹرنگ سسٹم وضع کیاگیاہے جس کی رپورٹس پر ایک ہفتے کے اندر ایکشن لیاجائے گا۔ کالجز کے پرنسپل اور دیگر مینجمنٹ اپنی ذمہ داریوں کاپاس رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے اورطلباء وطالبات کی کردارسازی اورانہیں بامقصد علم وآگہی کی فراہمی پر توجہ دیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز پشاور میں صوبہ بھر کے کالجو ں کی جائنٹ مینجمنٹ کونسل کے کوارڈینٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم محمد سلیم مومند، سپیشل سیکرٹری عبدالغفور بیگ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر خالد خان ودیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبہ بھر کے سرکاری کالجز کو اعلیٰ معیار اور علم ودانش کے بہترین مراکز میں تبدیل کرنا چاہتی ہے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہاہے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت میں کالجز کی مینجمنٹ پر کسی طرح کا سیاسی پریشر نہیں اور ان کوآزادانہ ماحول فراہم کیاگیا ہے اسلئے اب یہ کالجز کے سربرہان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان تعلیمی اداروں کو رول ما ڈل کے طورپر آگے لے آئیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ سرکاری کالجز کی خودمختاری پربھی صوبائی حکومت کام کررہی ہے اورجہاں جہاں پرایوننگ شفٹ میں بی ایس کے کورسز پڑھائے جارہے وہاں تدریسی عملے کے فنڈز میں رکاوٹ آڑے نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ اب سارانظام میرٹ پر چل رہا ہے اور کلاس فور سے اوپر کالجز کی تقریباًساری آسامیاں این ٹی ایس پر پُر کی جاتی ہیں اور کوشش ہے کہ پورے صوبے میں داخلوں کاطریقہ کار آن لائن کیاجائے اور بہتر نتائج حاصل کرنے کی غرض سے سوچ رہے ہیں کہ کالجز میں تدریسی عملے کی ترقی کورزلٹ کی کارکردگی سے مشروط کیاجائے۔ معاون خصوصی نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی ودیگر عملے کی حاضری کویقینی بنانا کالج مینجمنٹ کی پہلی ذمہ داری ہے جس کو ہر حالت میں پورا ہونا چاہیے اس لئے اس حوالے سے کوئی بھی رعایت نہیں برتی جائے گی جبکہ کالجز کے جائنٹ مینجمنٹ کونسل کوارڈینٹرزیہ پیغام دیگر پرنسپل صاحبان کو بھی پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبے کی کالجز مینجمنٹ کو ہرممکن مددفراہم کرے گی تاکہ ہمارے تعلیمی ادارے قوم کے بچوں کو بہتر انداز میں علم وآگہی کی فراہمی میں اپنا کردار اداکرے۔

متعلقہ عنوان :