موٹر وے پولیس بیٹ نمبر24 صادق آباد میں ٹریفک قوانین کے حوالے سے 15روزہ آگاہی مہم

جمعرات 16 جون 2016 16:07

رحیم یارخان۔ 16 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 جون۔2016ء) دنیا کی مہذب قومیں اپنے ٹریفک قوانین پر عمل کرتی ہیں جن ملکوں میں ٹریفک قوانین پر عمل کیا جاتا ہے وہاں حادثات کی شرح سب سے کم ہوتی ہے ،بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے حادثات کی شرح زیادہ ہے۔ ٹریفک قوانین پر خود بھی عمل کرکے اپنی زندگی کو محفوظ بنائیں اور دوسروں کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنائیں ۔

ان خیالات کا اظہار موٹر وے پولیس کے سیکٹر کمانڈر رحیم یارخان عبدالخلیل نے موٹر وے پولیس کی جانب سے بیٹ نمبر24 صادق آباد میں 15روزہ آگاہی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تمام قسم کی گاڑیوں کو یو ٹرن صحیح طریقے سے لینے کے طریقوں سے آگاہ کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں اور غلط طریقے سے یوٹرن لینے سے حادثات میں اضافہ ہورہا ہے اور قیمتی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے انہوں نے کہاکہ موٹروے پولیس نے انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے اس آگاہی مہم کو شروع کیا ہے جہاں ڈرائیورز اور گاڑی چلانے والوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں مکمل بریفنگ دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرآپریشنل آفیسر محمد عمیر طالب نے اس آگاہی مہم کے دوران روڈ یوزر کو صحیح طریقے سے یوٹرن لینے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراؤں پر موٹر وے پولیس لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے ،روڈ یوزر کو بھی چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہوکر ایک مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔اس موقع پر ڈی ایس پی موٹر وے پولیس محمد ہمایوں نے کہا کہ ایسی مہمات کا مقصد لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کو ممکن بنانا ہے اور ٹریفک کے بہاؤ میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔