رحیم یار خان، ملک کومعاشی طورپرمضبوط بنانے ، بیروزگاری اورچائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لیے ہمیں نئی نسل کو تعلیم یافتی بناناہوگا، خواجہ محمد ادریس

جمعرات 16 جون 2016 16:07

رحیم یارخان۔ 16 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 جون۔2016ء)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر صوبائی رہنماء وضلعی چیئرمین عشر زکوة کمیٹی رحیم یارخان خواجہ محمد ادریس نے کہا ہے کہ ملک کومعاشی طورپرمضبوط بنانے ، جہالت، بیروزگاری اورچائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لیے ہمیں نئی نسل کو سکولوں میں لانا ہوگا۔ تعلیم کے بغیر ملکی ترقی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا، خادم اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے تعلیم کو عام کرنے کے لیے نسل در نسل بھٹوں پر مزدوری کرنے والے خاندانوں کے بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے گرانقدر اقدامات اٹھائے ہیں۔

چائلڈ لیبرڈے کے عالمی دن کے حوالے سے ہم سب کو عہد کرنا ہوگا کہ 4 سے 9 سال کے ہربچے کو سکول میں لایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کے مہذب ملکوں کی ترقی کا دارو مدار تعلیم میں ہی مضمر ہے ہمیں اپنے ننھے پھولوں کو بھٹوں سے نکال کر سکولوں میں لانا ہوگا۔ ڈسٹرکٹ ایڈوائز صوبائی محتسب محمد سلیم خان نے کہا کہ چائلڈ لیبر کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

تعلیم ہربچے کا بنیادی حق ہے جواسے ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت تعلیمی اصلاحات پر ایک خطیر رقم خرچ کررہی ہے جس کے آنے والے وقتوں میں مثبت نتائج مہیا ہونگے۔ ای ڈی او ایجوکیشن رانا محمد اظہر خان نے کہاکہ محکمہ تعلیم نے سرکاری سکولوں میں تمام سہولیات مہیا کردی ہیں والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کوسرکاری سکولوں میں داخل کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مزدورں کے بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے حکومت پنجاب نے خدمت کارڈ جاری کئے ہیں جو چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لیے مدد گار ثابت ہونگے۔ڈسٹرکٹ مینجر بنیاد فاؤنڈیشن محمد ساجدپرویز نے کہاکہ چائلڈ لیبر پروجیکٹ پربنیاد فاؤنڈیشن کی طرف سے کام شروع کردیا گیا ہے، جس میں ضلع بھر میں باؤنڈڈ لیبر کے لیے 81سنٹر اور جنرل لیبر کے لیے 122سنٹر بنائے جائیں گے جس کی باقاعدہ نشاندہی شروع ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر پروجیکٹ کے تحت ضلع بھرمیں 7ہزار سے زائد 4سال سے14سال کے بچوں کو نان فارمل سکولوں میں داخل کروایا جائیگا اور3ہزار سے زائد بچوں کے لے لٹریسی اور تربیت کا اہتمام کیا جائیگا۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی جانب سے بھٹوں پر بچوں کی مشقت کے آرڈیننس کے تحت بھٹہ مزدورں کے بچوں کو وظائف، مفت کتابیں اورجوتے فراہم کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے بہت سارے بچے گورنمنٹ سکولوں میں داخل کروائے جاچکے ہیں۔

اس کے علاوہ بھٹہ ورکرز کے شناختی کارڈ اور ان کے بچوں کی پیدائش کا اندراج کروایا جارہا ہے اوراب تک 25سو سے زائدبھٹہ مزدورں کے شناختی کارڈ بنوائے جاچکے ہیں۔ ڈسٹرکٹ مینجر ادارہ تعلیم وآگہی محمد فرحان عامرنے کہا کہ بچوں کو سکولوں میں لانا اور ان کو فرینڈلی ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ریجنل جنرل مینجر این سی ایچ ڈی ضیاء القادر نے کہاکہ چھوٹے بچے بچیوں کو سکولوں میں لانا ناگزیر ہے، بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے تحصیل صدر حاجی آصف محمود نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ آج کے بعد کسی بھی بچے کو بھٹہ پر مزدوری کے لیے نہیں رکھا جائیگا اور چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے لیے حکومتی اداروں کا ساتھ دیں گے۔