قرآن ہمارے پاس اس لئے بھیجا گیا ہم اس سے عملی زندگی میں رہنمائی حاصل کریں، پروفیسر رئیس علوی

جمعرات 16 جون 2016 15:35

کراچی ۔ 16 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 جون۔2016ء)نامور ماہر تعلیم ڈائریکٹر کے اے ایس بی آئی ٹی پروفیسر رئیس علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کوئز سوسائٹی گذشتہ کئی سال سے طالبعلموں میں علم کی منتقلی اور تحقیق پر کام کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پاکستان کوئز سوسائٹی کے زیر اہتمام10 ویں قرآن کوئز مقابلہ کی تقریب کی سے خطاب کرتے ہو ئے کیا انہوں نے کہا کہ قرآن ہمارے پاس اس لئے بھیجا گیا تھا کہ ہم اسے پڑھیں، سمجھیں اور اپنی عملی زندگی میں اس سے رہنمائی حاصل کریں لیکن ہم نے اس کے مقصد نزول کو یکسر فراموش کر دیا ہے۔

تاریخ شاہد ہے کہ مسلمانوں نے جب قرآن سے رہنمائی لی دنیا کی امامت کا منصب ہمیں عطا کیا جاتا رہا لیکن جب سے ہم نے قرآن کی تعلیمات سے دوری اخیتار کی ہے اپنا مقام کھوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود سندھ ریاض فاطمہ نے کہا ک قرآن انقلاب ہے اور ماہ رمضان ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم نہ صرف قرآنی تعلیمات پر عمل کریں بلکہ اسکی ترویج میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔

حافظ نسیم الدین نے کہا کہ دنیا میں اس وقت مسلمان ہی وہ خوش قسمت قوم ہیں جن کے پاس کلام الٰہی بلا کسی تحریف و تخفیف، بالکل اسی حالت میں موجود ہے جس حالت میں نبی آخر الزماں حضرت محمد ﷺ پر نازل کیا گیا تھا لیکن دوسری طرف ہم ہی وہ بدقسمت قوم ہیں جو اس نعمت عظمیٰ کی فیوض و برکات سے محروم ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سوسائٹی کے ایڈوائزر ہدایت اللہ نے کہا کہ موجودہ دور میں الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے کوئز کے شعبے کے ساتھ جو سنگین مذاق ہو رہا ہے وہ اس کی توہین کے مترادف ہے۔