ترکی نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے پاکستان کی حمایت کردی

سرتاج عزیز کا ترک وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ، این ایس جی کی ممبر شپ کیلئے حمایت کاشکریہ ادا کیا

جمعرات 16 جون 2016 14:08

ترکی نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے پاکستان کی حمایت کردی

ویانا/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جون ۔2016ء) نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے ممبرممالک کے اجلاس میں ترکی نے پاکستان کی ممبر شپ کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں کی ممبر شپ کی درخواستوں پر بیک وقت نظرثانی کی جائے، مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے ترک وزیرخارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے این ایس جی کی ممبر شپ کیلئے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے ویانا میں ہونے والے این ایس جی ممبر ممالک کے اجلاس میں ترکی نے پاکستان کی ممبر شب کی بھرپور حمایت کی اور پاکستان اور بھارت دونوں کی ممبر شپ کی درخواستوں پر بیک وقت نظر ثانی کرنے پر زور دیاہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق این ایس جی کے اجلاس میں ترکی، نیوزی لینڈ، آسٹریا اور جنوبی افریقا نے بھارت کی ممبرشب کی شدید مخالفت کی تاہم بھارت کی ممبر شپ کے حوالے سے نیوزی لینڈ کے رویے میں اب کافی نرمی آ چکی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے ترکی کے وزیر خارجہ میولت کاوس اوغلو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور این ایس جی کی ممبر شپ کے لئے پاکستان کی حمایت کرنے پر ترکی کا شکریہ ادا کیا، اس کے علاوہ سرتاج عزیز نے آسٹریا کے وزیر خارجہ سباستیان کرگ اور ارجنٹائن کی وزیر خارجہ سوزانا ملکورا سے بھی رابطہ کیا اور این ایس جی ممبر شپ کے لئے پاکستان کے جوہری اثاثوں پر روشنی ڈالی اور جوہری عدم پھیلاوٴ پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کے حوالے سے یکساں رویہ اپنانے پر زور دیا۔