اسلام آباد ایکسپریس وے کے کورال انٹرچینج پر تعمیراتی کام جاری،گلبرگ انڈر پاس 30 جون کو کھول دیا جائے گا،پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد محمود کی اے پی پی سے بات چیت

بدھ 15 جون 2016 15:17

اسلام آباد ۔ 15 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جون۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے ) اسلام آباد ایکسپریس وے پر گلبرگ گرین ہاؤسنگ سوسائٹی روڈز کی توسیع کام رواں ماہ کے آخر میں مکمل کرکے اسے ٹریفک کیلئے 30 جون کو کھول دیا جائے گا۔ جبکہ کورال انٹرچینج پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور سی ڈی اے نے دوسرے انڈر پاس پر بھی کنکریٹ ڈال دی اس منصوبے کو رواں سال ستمبر میں مکمل کیا جائے گا۔

سی ڈی اے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد محمود نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر گلبرگ گرین ہاؤسنگ سوسائٹی روڈز کی توسیع‘ انڈر پاس اور سلپ ٹرن کے منصوبے پر 85 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی 15 فیصد کام 30 جون تک کو مکمل کرکے روڈز ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس منصوبہ پر انڈر پاس برج پر رمضان المبارک کے باوجود کام تیزی سے جاری ہے جسے بھی بہت جلد مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کورال انٹرچینج پر تعمیراتی کام رمضان المبارک میں بھی جاری ہے تاکہ اس منصوبے کو بروقت پایہ تکیل تک پہنچایا جا سکے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے کورال انٹرچینج پر تعمیراتی تیزی سے جاری ہے انٹرچینج پر تین انڈر پاسسز بھی تعمیر کئے جا رہے ہیں جس میں 2 انڈر پاس پر کنکریٹ ڈال دی گئی ہے جبکہ تیسرے انڈر پاس پر بھی کام کا آغاز جلد ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر چند رکاوٹیں موجود ہیں اگر انہیں بروقت حل کیا گیا تو یہ منصوبہ رواں سال ستمبر میں مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں اس منصوبے پر کام سحری کے بعد دوپہر 12 بجے تک اور افطاری کے بعد رات11بجے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر سی ڈی اے نے پہلے مرحلے میں زیرو پوائنٹ سے فیض آباد تک دونوں اطراف چار رویہ 4 کلو میٹر روڈ کی تعمیر اور آئی ایٹ چوک پر انٹرچینج کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا ہے جس پر ٹریفک رواں دواں ہے۔

اسلام آباد ایکسپریس وے پر روڈز کی توسیع کے ساتھ ساتھ انڈر اور اوور پاسز کی تعمیر، جدید ٹریفک سینٹرز کا قیام اور سیکیورٹی سسٹم کی تنصیب بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات کے پیشِ نظر اور اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی کے باعث اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور جیسا میگا پراجیکٹ ممکن ہوا ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈورکے منصوبے میں زیرو پوائنٹ سے روات تک 25 کلو میٹر روڈ مکمل کیا جائے گا، اس منصوبے پر تقریباً 21.8 ارب روپے لاگت آئے گی۔

متعلقہ عنوان :