ایک ہزار سے زائد اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی میں ایک فیصد اضافہ ہوشربا مہنگائی کا باعث بنے گا ‘ناصر حمید خاں

بدھ 15 جون 2016 14:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جون ۔2016ء) ممبرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامر س اینڈ انڈسٹری و پاکستان آٹو موبائل سپیئرپارٹس امپورٹرز اینڈ ڈیلرز ایسوسی ایشن(پاسپیڈا) کی سینٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ناصر حمیدخاں نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی جانب سے ایک ہزار سے زائد اشیاء پر کسٹمز ڈیوٹی میں ایک فیصد اضافے کی منظور ی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہزار سے زائد اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی میں ایک فیصد اضافہ ملک میں ہوشربا مہنگائی کا باعث بنے گا ۔

انہوں نے کہا کہ تاجر و صنعتکار برادری کسٹم ڈیوٹی کی شرح میں کمی کا مطالبہ کررہی تھی لیکن کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی بجائے اس میں اضافہ کردیا گیا جس سے تاجروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

ناصر حمید خاں نے کہا کہ پاکستان میں کسٹم ڈیوٹی دیگر ممالک کی نسبت زیادہ ہے۔جس کے باعث ملک کے اندر ڈیوٹی ادا کیے بغیر اشیاء کی آمد میں اضافہ ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ کسٹم ڈیوٹی میں اضافہ سے سمگلنگ میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کی حوصلہ شکنی کیلئے کسٹمز ڈیوٹی میں اضافہ کی بجائے کمی کی جائے کیونکہ تاجر جو ایمانداری سے کسٹمز ڈیوٹی ادا کرکے اشیاء منگواتے ہیں وہ مارکیٹ میں بغیر کسٹمز ادا کیے ہوئے سمگلنگ کے سامان کے سامنے اپنا کاروبار جاری نہیں رکھ سکتے کیونکہ سمگل شدہ اشیاء سستی اور کسٹمز ڈیوٹی ادا کرکے منگوائی گئی اشیاء مہنگی ہوتی ہیں ۔کسٹمز ڈیوٹی میں اضافہ سے سمگلنگ کے کاروبار میں اضافہ اور ملکی معیشت کو نقصان ہوگا ۔اس لیے کسٹمز ڈیوٹی میں اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائے اور سمگلنگ کی حوصلہ شکنی کیلئے کسٹمز ڈیوٹی میں اضافہ کی بجائے کمی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :