فوج اہداف حاصل کیے بغیر وزیرستان سے واپس نہیں جا ئے گی۔آرمی چیف

آرمی چیف نے 72کلومیٹر طویل میران شاہ،رزمک مکین دورویہ سڑک اور 100بستروں پر مشتمل ہسپتال کا افتتاح بھی کیا،آپریشن ضرب عضب ہرقسم کی دہشت گردی کیخلاف شروع کیا گیا،دہشت گردوں کو دوبارہ واپس نہیں آنے دینگے،بارڈر مینجمنٹ بہتر کرینگے،ٹی ڈی پیز کی بحالی کا عمل 2016ء میں مکمل ہوگا۔جنرل راحیل شریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 جون 2016 17:58

فوج اہداف حاصل کیے بغیر وزیرستان سے واپس نہیں جا ئے گی۔آرمی چیف

راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14جون۔2016ء) :آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب ہرقسم کی دہشت گردی کیخلاف شروع کیا گیا ہے،فوج آپریشن کے خاتمے تک اہداف حاصل کیے بغیر وزیرستان سے واپس نہیں جائیگی،دہشت گردوں کو دوبارہ واپس نہیں آنے دینگے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے آج شمالی وزیرستان اورجنوبی وزیرستان میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کے جاری آپریشن ضرب عضب کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اگلے مورچوں کا دورہ بھی کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے اپنے دورہ کے دوران پورا دن جوانوں اور قبائلیوں کے ساتھ گزارا۔ آرمی چیف کو دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن اور قبائلی خاندانوں کی بحالی سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

جنرل راحیل شریف نے آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کی قابلیت اور قبائیلیوں کی بہادری کو بھی سراہا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے وزیرستان میں ہسپتال اور سڑک سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح کیااور فوجی آپریشن ،ٹی ڈی پیز کی واپسی کا جائزہ بھی لیا۔آرمی چیف نے 72کلومیٹر طویل میران شاہ،رزمک مکین دورویہ سڑک کا افتتاح کیا۔یہ سڑک طویل تجارتی کوریڈور کا حصہ ہے۔اس طرح پاک فوج کے سپہ سالار نے جنوبی وزیرستان میں 100بستروں پر مشتمل ہسپتال کا بھی افتتاح کیا۔اس موقعہ پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ بارڈر مینجمنٹ بہتر کرینگے۔دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کیے گئے۔دہشت گردوں کو دوبارہ واپس نہیں آنے دینگے۔ آپریشن ضرب عضب آخری مرحلے میں کچھ بچے کھچے علاقے میں جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی پیز کی بحالی کا عمل 2016ء میں مکمل ہوگا۔