پنڈت کشمیری سماج کا حصہ اور کشمیری عوام انکی واپسی کے منتظر ہیں‘میر واعظ عمر فاروق

منگل 14 جون 2016 12:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جون ۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چےئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ پنڈت کشمیری سماج کا حصہ ہیں اورکشمیری عوام انکی اپنے گھروں کو باعزت واپسی کے منتظر ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالات کا اظہار میر واعظ نے ”کشمیری پنڈت واپسی و بازآبادکاری فورم“ کے ایک وفد جس میں سنجے ریشی ، کمل چودھری ، کشن لنگو ، کلدیپ جی اور رمیش کچلو شامل تھے، سے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران کشمیر ی پنڈتوں کی باعزت واپسی اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ میرواعظ نے وفد کو یقین دلایا کہ کشمیری پنڈت ہمارے سماج کا حصہ ہیں اورکشمیری عوام ان کی واپسی کے متمنی ہیں اور ان کی یہ دلی خواہش ہے کہ پنڈت برادری واپس آکر پھر سے کشمیری سماج کا اسی طرح سے حصہ بن کر رہیں جیسا کہ وہ پہلے تھے۔وفد کے ارکان نے میرواعظ سے کہا کہ کشمیری پنڈت بھی کشمیر واپسی کے خواہشمند ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ کشمیر مسلمان کے ساتھ مل کر اورباہمی صلاح و مشورے کے ذریعے کشمیر واپس آنے کیلئے راستہ اور طریقہ تلاش کیا جائیگا تاکہ وہ پھر سے کشمیری سماج کا ایک باوقار حصہ بن سکیں۔