مقبوضہ کشمیر‘مسرت عالم بٹ جوڈیشل ریمانڈ پر سرینگر سینٹرل جیل منتقل

منگل 14 جون 2016 12:53

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جون ۔2016ء)مقبوضہ کشمیرمیں انتظامیہ نے غیر قانونی طوپر نظر بند سینئر حریت رہنماء اور جموں وکشمیر مسلم لیگ کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو جوڈیشل ریمانڈ پر سرینگر سینٹرل جیل بھیج دیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ کو ان کے خلاف 2006میں راج باغ پولیس اسٹیشن میں درج ایک مقدمے کی سماعت کیلئے تھرڈ ایڈیشنل سیشنز جج سرینگر کی عدالت میں پیش کیاگیا ۔

(جاری ہے)

عدالت کے جج نے ایک گواہ کا بیان قلمبند کرنے کے بعد مسرت عالم بٹ کوجوڈیشل ریمانڈ پر سرینگر سینٹرل جیل بھجوانے کا حکم صادر کیا ۔ مسرت عالم بٹ کو انکے خلاف شہید گنج پولیس اسٹیشن سرینگر میں درج ایک اور مقدمے کی سماعت کیلئے جمعہ کے روز دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائیگا ۔اس سے قبل انہیں بارہمولہ جیل میں نظربند کیاگیا تھا جہاں سے انہیں شہید گنج پولیس اسٹیشن میں منتقل کیاگیا۔ یاد رہے کہ مسرت عالم بٹ پر 1990کے بعد سے 49جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے اور 32مرتبہ کالا قانون نافذ کیا جاچکا ہے ۔اگرچہ بیشتر مقدمات میں انکی ضمانت منظوریا انہیں بری کیا جاچکا ہے تاہم انہیں رہا نہیں کیا جارہا ہے ۔ مسرت عالم بٹ پر پہلی مرتبہ کالے قانون کے تحت دو اکتوبر 1990میں نظربند کیا گیا تھا۔