کراچی ،نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نماز جمعہ کے بعد مسجد کے صحن میں لگا شیڈ گرنے سے شہید ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی

ٹین سے بنا شیڈ تیز ہوا کے باعث نمازیوں پر گرا تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے،ایس ایس پی سینٹرل

جمعہ 10 جون 2016 23:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نماز جمعہ کے بعد مسجد کے صحن میں لگا شیڈ گرنے سے شہید ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ14نمازی زخمی ہیں۔نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل میں جامع مسجد عثمان غنی کی چھت کا شیڈ اس وقت گرگیا جب نماز جمعہ کے بعد نمازی سنتیں ادا کررہے تھے۔

شیڈ گرنے سے چار نمازی موقع پر ہی دم توڑ گئے، شہید ہونے والوں کی شناخت محمد سلیم، حاجی اختر، عبدالرافع، فیصل یعقوب اور ہمایوں ربانی کے نام سے ہوئی ہے۔فیصل یعقوب اور عبدالرافع باپ بیٹے تھے۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور دیگر امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے،نمازیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا،بعد میں لاشوں اور زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد بھی عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے،اسپتال میں لواحقین کی جانب سے رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، لوگ اپنے پیاروں کی جدائی پر غمگین نظر آئے۔وزیر اعلی نے کمشنر کراچی سمیت دیگر حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ حادثے کے بعد رینجرز اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کو جلد مکمل کرکے مسجدسے ملبہ ہٹادیا گیا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق ٹین سے بنا شیڈ تیز ہوا کے باعث نمازیوں پر گرا تاہم واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف نے مسجد کی چھت گرنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی جب کہ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد نے بھی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :