لاہور میں 60 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے ٹیوب ویلوں کی تنصیب 30 جون تک مکمل کی جائے ، واسا اپنی کوتاہیاں دور کرے‘ موسم گرما میں جانفشانی کے ساتھ کام ہونا چاہیے‘ ڈینگی ٹیموں کی طرز پر پانی کا ضیاع روکنے کے لئے گھر گھر سروے‘ ہر یونین کونسل میں نئی لائنوں سے پانی دیں

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اوررکن ر قومی اسمبلی حمزہ شہباز کی ہدایت

جمعہ 10 جون 2016 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اوررکن ر قومی اسمبلی حمزہ شہبازنے ہدایت کی ہے کہ لاہورشہر میں 60 کروڑ روپے کی لاگت سے نئے ٹیوب ویلوں کی تنصیب کا کام 30جون تک مکمل کیا جائے‘ ہر ٹاؤن میں جنریٹروں کو ہنگامی بنیادوں پرفنکشنل کیا جائے اور ٹاؤن انچارج اپنی یونین کونسلوں میں ٹیوب ویل آپریشن‘ جنریٹروں کی ورکنگ اور فراہمی و نکاسی آب کو یقینی بنائیں۔

جمعہ کو یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ لوگوں کی خدمت ہی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ادارے کو اپنے فرائض کی بجاآوری میں سستی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ واسا اپنی کوتاہیاں دور کرے اور موسم گرما میں سخت جانفشانی کے ساتھ کام ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے اور افسران سے لے کر اہلکاران کے لئے سزا اور جزا کا طریقہ کار لاگو ہونا چاہیے۔

حمزہ شہبازنے ہدایت کی کہ لاہور کی تمام یونین کونسلوں کا ایک ہفتے میں ریکارڈ مرتب کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ہر یونین کونسل میں نئی واٹرسپلائی سے صارفین کو پینے کا پانی مہیا کیا جا رہا ہے جبکہ پرانی واٹرسپلائی کو منقطع کیا جائے تاکہ سیوریج کا پانی پینے کے پانی کے ساتھ مکس نہ ہو سکے۔ انہوں نے ڈینگی ٹیموں کی طرز پر گھر گھر سروے کر کے پانی کے ضیاع کو روکنے کی ہدایت کی۔

حمزہ شہباز نے واسا حکام کو اورنج لائن ٹرین سے منسلک علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں پر مشتمل ٹاؤن کمیٹیاں واسا کی تسلی بخش کارکردگی کو یقینی بنائیں اور بالخصوص رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو پینے کے پانی کی بروقت فراہمی کر کے اپنے فرائص سے عہدہ برآہ ہونے کے علاوہ اﷲ تعالیٰ کے ہاں ثواب بھی کمائیں۔

اجلاس میں حمزہ شہبازکو وائس چیئرمین واسا و ایم پی اے چوہدری شہباز‘ اراکین اسمبلی غزالی بٹ‘ مرغوب احمد‘ رمضان بھٹی‘ ملک وحید‘ ماجدظہور اور سیدتوصیف شاہ نے اپنے علاقوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جنریٹروں کے چلنے سے واٹرسپلائی میں بہتری آئی ہے۔ کمشنرلاہور‘ ایم ڈی واسا‘ لیسکوچیف اور دیگر افسران نے بھی لاہور میں فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے بریفنگ دی اور صورتحال کو اطمینان بخش قرار دیا۔