فرانس کے قائم مقام اور یورپین یونین کے سفیر نے سیکریٹری داخلہ سے ملاقات ، مختلف امور پر تبادلہ خیال

محمد منشا کے معاملے پر فرانس کا موقف صحیح طور پر وازرت داخلہ تک نہیں پہنچایا گیا ،ا کے نتیجے میں یہ غلط فہمی پیدا ہوئی ، فرانس ڈی پورٹیز کے مسئلے پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے، محمد منشاء کا معاملہ بھی پاکستانی قوانین کے مطابق طے کیا جائیگا، فرانس کے سفیر کی گفتگو

جمعہ 10 جون 2016 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء )فرانس کے قائم مقام اور یورپین یونین کے سفیر نے سیکریٹری داخلہ سے ملاقات کی اور منشانامی شہری کی بے دخلی سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی ۔اس دوران فرانس کے سفیر کا موقف تھاکہ محمد منشا کے معاملے پر فرانس کا موقف صحیح طور پر وازرت داخلہ تک نہیں پہنچایا گیا جس کے نتیجے میں یہ غلط فہمی پیدا ہوئی۔

سیکریٹری داخلہ سے ملاقات کا مقصد غلط فہمیوں کو دور کرنا تھا انہوں نے کہاکہ ․ فرانس ڈی پورٹیز کے مسئلے پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ سفیروں نے غیر قانونی انسانی آمدورفت کی روک تھام کے سلسلے میں حکومت پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور کہاکہ محمد منشاء کا معاملہ بھی پاکستانی قوانین کے مطابق طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ محمد منشاء کی ڈیپورٹیشن کے معاملے پر وزیرداخلہ نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کر دیا تھا کہ محمد منشا کے معاملے پر کسی کی دھمکی میں آئے بغیر اپنے قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔

محمد منشاء گذشتہ جوکئی سالوں سے فرانس میں مقیم تھا اور جس پر سنگین نوعیت کے اخلاقی جرائم میں ملوث ہونے کا الزام ہے اس کوفرانسیسی محکمہ داخلہ نے پاکستان ڈیپورٹ کرنا چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لئے پاکستانی سفیر کو یہ پیغام دیاگیا تھا کہ محمد منشاء کو سفری دستاویزات کا اجراء کیا جائے ورنہ دونوں ملکوں کے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں ۔جب وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کے علم میں آئی تو انہوں نے کسی بھی قسم کا پریشر لینے سے انکار کردیا اور واضح الفاظ میں یہ کہا کہ کسی غیر تصدیق شدہ شخص کو کسی صورت بھی پاکستانی پاسپورٹ کا اجراء نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اگر محمد منشاء کی ڈیپورٹیشن مطلوب ہے تو پاکستان کے قانون اور مروجہ طریقہ کار کے مطابق اس کے کوائف حکومت پاکستان کو مہیا کیے جائیں تاکہ اس کی شہریت کی تصدیق کی جا سکے۔

سفیروں کی سیکریٹری داخلہ ملاقات میں یہ بات واضح کی گئی کہ اس سلسلے میں فرانس کا موقف صحیح طور سے پاکستانی حکام تک نہیں پہنچا جس کے نتیجے میں غلط فہمی نے جنم لیا۔ یورپین یونین اور فرانس غیر قانونی طور پر انسانوں کی آمد و رفت کو روکنے اور جرائم کی روک تھا م کے سلسلے میں پاکستانی اقدامات کو سراہتا ہے اور محمد منشاء کا معاملہ بھی پاکستانی قوانین کے مطابق طے کیا جائے گا۔