صوبائی وزراء کی رمضان بازاروں میں اچانک چیکنگ‘ ناقص صفائی پر دو ٹی ایم اے اہلکار معطل

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے شادمان رمضان بازار میں ناقص سبزی فروخت کرنے والے دکاندار کا سٹال کینسل‘ گرفتاری کا حکم دے دیا صوبائی وزیرخلیل طاہر سندھو اچانک فیصل آباد کے رمضان بازاروں میں پہنچ گئے‘ کمشنر لاہور کی چونیاں کے رمضان بازار آمد

جمعہ 10 جون 2016 21:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) صوبائی وزراء‘ پارلیمانی سیکرٹریز‘ ارکان اسمبلی‘ صوبائی سیکرٹریز‘ ڈی سی اوز اور کمشنرز سمیت اعلیٰ افسروں نے صوبہ بھر کے رمضان بازاروں کے دورے کئے اور اشیائے صرف کے معیار‘ نرخ اور رسد کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے شادمان لاہور کے رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا۔

صفائی کے ناقص انتظامات پر ٹی ایم اے کے دو ملازمین سہیل منشاء اور غلام مصطفی کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا جبکہ صوبائی وزیرنے سٹال پر چیکنگ کے دوران ناقص سبزی فروخت کرنے والے دکاندار محمد حنیف کے سٹال کو کینسل کرنے اور اسے گرفتار کرنے کا حکم دیا۔جمعہ کو صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین نے لاہور کے کریم پارک‘ میاں پلازہ‘ شادمان ‘ وحدت کالونی اور اسلام پورہ کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیربلال یٰسین نے سٹالز پر اشیائے صرف کے معیار اور نرخ چیک کئے ۔ صوبائی وزیرمعدنیات چوہدری شیرعلی خان نے اٹک میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے ۔ صوبائی وزیرنے پھلوں اور سبزیوں کا معیار مزیدبہتر بنانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیرسوشل ویلفیئر و بیت المال سیدہارون احمدسلطان بخاری نے خصوصی اجلاس کے دوران ضلع مظفر گڑھ کے رمضان بازاروں کے بارے میں بریفنگ دی۔

ڈی سی او مظفر گڑھ حافظ شوکت علی نے بتایا کہ کوٹ ادو میں تین‘ جتوئی میں دو‘ علی پور اور مظفر گڑھ کے دیگر علاقوں میں آٹھ رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیربرائے اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہرسندھو نے ضلع فیصل آباد کے ریاض شاہد چوک‘ ملت روڈ اور دیگر رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اور اشیائے صرف کے معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزراء نے رمضان بازاروں کے دوروں کے دوران صارفین سے ان کے تاثرات دریافت کئے اور مزیدبہتری کے لئے تجاویز طلب کیں۔ کمشنر لاہور عبداﷲ سنبل نے چونیاں کے رمضان بازاروں میں اچانک چیکنگ کی۔ ڈی سی او گوجرانوالہ محمدعامر جان نے سی پی او کے ہمراہ سبزی اور پھل منڈی میں نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا اور رمضان بازار میں فراہم کرنے کے لئے پھلوں اور سبزیوں کی مقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیرمحنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے راولپنڈی کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کر کے اشیائے صرف کے معیار‘ نرخ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :