امریکہ بھارت کی ناجائز اور بدنیتی پر مبنی حمایت کررہاہے، پاکستان کے حکمرانوں نے امریکہ کی خدمت کی اور ذلت اٹھائی لیکن امریکہ پھر بھی قابل بھروسہ ثابت نہیں ہوا ‘ خود انحصاری ، کرپشن کے خاتمہ اور عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے قومی ترجیحات مقرر کی جائیں‘ پارلیمنٹ جانبدار کردار ادا کرنے کی بجائے اپنی حرکات سے وقار اور مقام کھو رہی ہے

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کاعوامی افطار پروگرام سے خطاب

جمعہ 10 جون 2016 19:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ امریکہ بھارت کی ناجائز اور بدنیتی پر مبنی حمایت کررہاہے ‘ پاکستان کے حکمرانوں نے امریکہ کی خدمت کی اور ذلت اٹھائی لیکن امریکہ پھر بھی قابل بھروسہ ثابت نہیں ہوا ۔ خود انحصاری ، کرپشن کے خاتمہ اور عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے قومی ترجیحات مقرر کی جائیں ۔

پارلیمنٹ جانبدار کردار ادا کرنے کی بجائے اپنی حرکات سے وقار اور مقام کھو رہی ہے ۔وہ جمعہ کو گلبرگ لاہور میں عوامی افطار پروگرام سے خطاب کر رہے تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بجٹ ابھی منظور نہیں ہوا حکومتی اعلان کے مطابق عوام کو ریلیف نہیں ملا لیکن قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام پر مسلط کر دیاگیاہے ۔

(جاری ہے)

رمضان بازار اور سستے بازار عوام کی سہولت کے لیے ہیں لیکن وہاں غیر معیاری اشیا اور مہنگے داموں مال فروخت ہورہاہے ۔

حکومتی ٹیمیں ناکام ہیں ۔ پنجاب حکومت کا مصنوعی نظام لا حاصل ہے ۔ منڈیوں ، مارکیٹوں ، سودا سلف کے بازاروں کے ذریعے ہی عوام کو سہولت مل سکتی ہے، حکومت اس نظام کو بہتر کرے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ماہ رمضان رجوع الی اﷲ ، توبہ و استغفار اور اتحاد امت کا عا م اعلان ہے ۔ روزہ کی عبادت معاشرہ میں نظم و نسق اور دکھ درد میں مبتلا انسانوں کے لیے احساس بیدار کرنے کا مہینہ ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ رمضان اور قرآن لازم و ملزوم ہیں ۔ قرآن سیکھنا سکھانا اور قرآن نافذ کرنا پوری امت کی ذمہ داری ہے ۔