لاہور پولیس کا رمضان میں جمعہ کے دن مساجد و امام بارگاہوں پر خصوصی سکیورٹی پلان مرتب

مساجد و امام بارگاہوں کی قریبی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیئے گئے ہیں ، مسجد و امام بارگاہ میں آنے والے ہر نمازی کو تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جا ئے گی‘ڈی آئی جی آپریشنز

جمعہ 10 جون 2016 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدرا شرف نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے رمضان المبارک کے دوران جمعتہ المبارک کے دن مساجد و امام بارگاہوں پر خصوصی سکیورٹی پلان مرتب کیا ہے جس کے تحت پورے شہر کی مساجد و امام بارگاہوں پر نمازِ جمعہ کے دوران 5 ہزار سے زائد اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ مساجد و امام بارگاہوں کو کیٹیگری اے، بی اور سی میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ہر مسجد اور امام بارگاہ میں رضا کا ر بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ مساجد و امام بارگاہوں کی قریبی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کیئے گئے ہیں۔ مسجد و امام بارگاہ میں آنے والے ہر نمازی کو تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج نمازِ جمعہ کے دوران مسجد شہداء مال روڈ و دیگر مساجد کا دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی ایس پی ریس کورس صفدر رضا کاظمی اور ایس ایچ او سول لائنز عابد رشید بھی موجود تھے۔ ڈی ایس پی صفدر رضا کاظمی نے ڈی آئی جی آپریشنز کوسکیورٹی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مساجد و امام بارگاہوں کے نماز کے دوران آنے اور جانے والے تمام راستوں پر بیرئیر لگا کر موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو چیک کیا جارہا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس موقع پر مزید کہا کہ حساس مساجد و امام بارگاہوں کی مانیٹرنگ باقاعدہ سی سی ٹی وی کیمروں سے کنٹرول روم میں کی جارہی ہے۔ تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خود علاقہ میں مساجد و امام بارگاہوں کا دورہ کر کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیں۔

متعلقہ عنوان :