وزیراعلیٰ کا لندن سے وطن واپسی کے بعد بغیر پروٹوکول رمضان بازار ٹاوٴن شپ کا اچانک دورہ

صارفین کے مطالبے پر رمضان بازاروں کا دورانیہ بڑھانے کا اعلان، رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے خریداروں کا رمضان بازار میں اشیائے ضروریہ،پھلوں،سبزیوں اوردالوں کی قیمتوں اورکوالٹی پر اطمینان کا اظہار

جمعہ 10 جون 2016 18:29

وزیراعلیٰ کا لندن سے وطن واپسی کے بعد بغیر پروٹوکول رمضان بازار ٹاوٴن ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جون ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لندن سے وطن واپسی کے بعد بغیر پروٹوکول رمضان بازار ٹاؤن شپ کا اچانک دورہ کیا اورپھلوں، سبزیوں، آٹے، چینی، چکن اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں موجود صارفین کے مطالبے پر رمضان بازاروں کا دورانیہ بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازار شام 6 بجے کی بجائے رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے تاکہ عوام کو خریداری میں سہولت مل سکے۔

وزیراعلیٰ نے دورہ کے موقع پرانتظامیہ اور رمضان بازاروں سے متعلقہ افسران کو اچھے انتظامات پر شاباش دی اور کہا کہ رمضان بازار میں انتظامات تسلی بخش ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے صارفین کی معمولی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان کے ازالے کیلئے ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

وزیر علیٰ نے خریداری کیلئے آئے لوگوں کے مطالبے پر انتظامیہ کو ہدایت کی کہ دالیں اور بیسن ایک کلو کے ساتھ آدھا کلو کے پیکٹ میں بھی صارفین کو مہیا کئے جائیں تاکہ انہیں خریداری میں سہولت رہے۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے بغیر پیشگی اطلاع کے رمضان بازار پہنچے، ضلعی انتظامیہ اور مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران وزیراعلیٰ کے دورے سے لاعلم رہے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے رمضان بازار میں قیمتوں کا جائزہ لیا اوررمضان بازار میں خریداری کیلئے آئے بزرگوں، خواتین، مردوں اور نوجوانوں سے بات چیت کر کے اشیاء کی قیمتوں اورکوالٹی کے بارے دریافت کیا ۔

وزیراعلیٰ رمضان بازار میں مختلف سٹالز پر گئے اوراشیائے ضروریہ ، پھلوں،سبزیوں، دالوں، آٹے، چینی اور چکن کی قیمتوں اورکوالٹی کو چیک کیا اور خریداری کیلئے آئے افراد سے گفتگوکی ۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اچانک دوروں سے اصل صورتحال سے متعلق بہتر آگاہی ہوتی ہے اورعوام کے حقیقی مسائل کی نشاندہی سامنے آتی ہے ،لہٰذامیں عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف کی فراہمی کیلئے آئندہ بھی رمضان بازاروں کے اچانک دورے کرتا رہوں گا۔

میرے اچانک دورے کا مقصد رمضان المبارک کے دوران عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات کا جائزہ لینا ہے اور رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار پرسختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹاوٴن شپ کے رمضان بازار میں اشیائے ضروریہ، پھلوں اورسبزیوں کی کوالٹی بھی بہتر ہے اورقیمتیں بھی مناسب ہیں اورلوگوں نے اس بازار میں کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ دورے کے دوران سستے رمضان بازار خریداری کیلئے آئے لوگوں کے ساتھ گھل مل گئے اوروزیراعلیٰ کو دیکھ کر لوگ اکٹھے ہو گئے ۔ وزیراعلی نے لوگو ں سے مصافحہ کیا اور ان سے بات چیت کی - عوام نے رمضان بازار میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔ بازار میں موجود افراد نے وزیر اعلیٰ کو دیکھ کر ”شہبازشریف زندہ باد“ کے نعرے لگائے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت یابی پر مبارکباد دی۔

خریداروں نے رمضان بازار میں معیاری اشیاء کی سستے داموں فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آج ہی لندن سے واپس آیا ہوں اور آتے ہی اپنے بہن بھائیوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کئے جانے والے انتظامات کو دیکھنے خود آیا ہوں او رمجھے خوشی ہے کہ ٹاؤن شپ کے رمضان بازار میں تسلی بخش انتظامات ہیں۔

اشیائے ضروریہ، پھلوں اور سبزیوں کی کوالٹی بھی اچھی ہے اور قیمتیں بھی مناسب ہیں۔بازار میں خریداری کیلئے آئے لوگوں نے بھی حکومتی انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم دعاؤں سے وزیراعظم محمد نوازشریف روبصحت ہیں اور وزیراعظم نوازشریف جلد مکمل صحت یاب ہو کر اپنے ہم وطنوں کے پاس ہوں گے۔

خریداری کیلئے آئے لوگوں نے بازار میں اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے کہا کہ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے آپ آتے رہیں ،جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آتا جاتا رہوں گا۔ لوگوں کی بڑی تعدادنے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو مناسب قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیااور وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اس بازار میں صفائی کے بھی اچھے انتظامات کیے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے رمضان بازار میں زرعی فےئر پرائس شاپ کا دورہ کیا اور پھل اورسبزیوں کے معیار کی تعریف کی۔