پناہ کے وفد کا میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کی سربراہی میں پیمرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، چیئرمین ابصار عالم سے ملاقات

پاکستان میں بڑھتی ہوئی دل کی بیماریوں ،بچاؤ سے متعلق عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 10 جون 2016 17:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء) صدر پناہ (پاکستان ینشنل ہارٹ ایسوسی ایشن) میجر جنرل (ر) مسعود الرحمٰن کیانی نے وفد کے ہمراہ چیئرمین پیمرا ابصار عالم سے پیمرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان میں بڑھتی ہوئی دل کی بیماریوں میں اور اس سے بچاؤ سے متعلق عوامی آگاہیمہم شروع کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پناہ ایک غیر سرکاری تنظیم ہے جس کے سرپرست اعلیٰ صدر پاکستان ممنون حسین ہیں ۔ یہ تنظیم گزشتہ تیس برس سے دل کی بیماریوں اور ان سے بچاؤ سے متعلق آگاہی فراہم کر رہی ہے۔ ملاقات میں پاکستان میں دل کی بڑھتی ہوئی بیماریوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اوراعدادو شمار کا تذکرہ ہوا جن کے مطابق پاکستان میں ہر سات منٹ میں ایک ہلاکت حرکتِ قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوتی ہے اور ہر تین منٹ میں ایک شخص ہارٹ اٹیک کا شکار ہوتا ہے موجودہ دور میں خصوصاً تیس سے چالیس سال کی عمر کے لوگوں میں یہ بیماری خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

پناہ نے پیمرا سے کہا ہے کہ اتھارٹی عوام کی آگاہی کے لیے ان کی معاونت کرے اور ٹی وی چینلز، ایف ایم ریڈیو سٹیشنز اور کیبل ٹی وی لائسنس یافتگان کو پابند کرے کہ وہ اس خطرناک صورتحال سے آگاہی کے لیے بھرپور تعاون کریں اور اپنے پروگراموں اور خبروں میں اس موضوع کو اجاگر کریں تاکہ اس خطرناک بیماری سے بچاؤ یقینی بنایا جائے اور اموات کو کم کیا جائے تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ چیئرمین پیمرا نے پناہ کوعوامی آگاہی مہم میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

متعلقہ عنوان :