ملک بھر میں رمضان المبارک کا پہلا جمعتہ المبارک پولیس کی سخت سکیورٹی میں ادا کیا گیا

مساجد ،امام بارگاہوں میں نمازیوں کے غیر معمولی رش کے باعث مساجد میں جگہ کم پڑ گئی ،اضافی صفیں بچھائی گئیں

جمعہ 10 جون 2016 17:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء ) ملک بھر میں رمضان المبارک کا پہلا جمعتہ المبارک پولیس کی سخت سکیورٹی میں ادا کیا گیا ، مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازیوں کے غیر معمولی رش کے باعث مساجد میں جگہ کم پڑ گئی اور اضافی صفیں بچھائی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی طرف سے رمضان المبارک کے پہلے جمعتہ المبارک کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔

حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی مساجد سے دور پارکنگ کی گئی ۔

(جاری ہے)

حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پولیس افسران خود بھی گشت کرتے رہے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں مساجد کا دورہ کر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔لاہور میں دس ہزار کے قریب اہلکار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات رہے۔علاوہ ازیں رمضان المبارک کا پہلا جمعہ ہونے کے باعث مساجد اور امام بارگاہوں میں نمازیوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا اورمساجد میں جگہ کم پڑ گئی ۔ کئی مساجد میں نمازیوں نے مرکزی دروازوں کے باہر اضافی صفیں بچھا کر نماز کی ادائیگی کی۔جمعہ کے اجتماعات میں ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔

متعلقہ عنوان :