امریکہ خطے میں بھارتی اجارہ داری کے جو خواب دیکھ رہا ہے وہ کبھی پورے نہیں ہونگے۔سینیٹر سراج الحق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 10 جون 2016 17:52

امریکہ خطے میں بھارتی اجارہ داری کے جو خواب دیکھ رہا ہے وہ کبھی پورے ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10جون۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت امریکی وفد کے ہاتھ قومی عزت و وقار اور خود مختاری کا سودا کرنے سے باز رہے۔ہم امریکہ سے دشمنی نہیں چاہتے مگر اپنی آزادی اور خود مختاری سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔امریکہ سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت خطے میں طاقت کا توازن بھارت کے حق میں کرنا چاہتا ہے۔

امریکی مفادات کی پہرے داری چھوڑ کر خارجہ پالیسی پر پارلیمنٹ میں سیر حاصل بحث کی جائے اورخارجہ پالیسی کو قومی امنگوں کے مطابق استوار کیا جائے۔حقیقت یہ ہے کہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کو دھوکہ دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ امریکہ خود کہتا ہے کہ میرے ساتھ دوستی بھی بری ہے اور دشمنی بھی۔

ہم امریکہ کے ساتھ برابری کے تعلقات چاہتے ہیں۔امریکہ خطے میں بھارتی اجارہ داری کے جو خواب دیکھ رہا ہے وہ کبھی پورے نہیں ہونگے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھارت کی این ایس جی کی رکنیت کی شدید مخالفت کرنی چاہئے اور امریکی وفد کو دوٹوک بتانا چاہئے کہ اگر امریکہ نے بھارت کی سرپرستی نہ چھوڑی تو خطے میں طاقت کا توازن بگڑ جائے گا جس سے پورے ریجن میں انتشار اور انارکی پھیلے گی۔

بھارت کے جنگی عزائم کسی سے مخفی نہیں ،اس نے آج تک ہماری آزادی کو تسلیم نہیں کیا اور کئی بار پاکستان پر حملہ آور ہوچکاہے،بھارت کسی صورت بھی پاکستان کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں ،بھارت نصف صدی سے زائد عرصہ سے کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کررہا ہے اور کشمیر پر بندوق کے زور پر قابض ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہمارا وزیر اعظم ہے اورنہ وزیر خارجہ،پاکستان اس وقت منجدھار میں پھنسی ایسی کشتی کی مانند ہے جس کا کوئی ملاح نہیں۔

ہماری خارجہ پالیسی آزادی اور خود مختاری والی نہیں بلکہ ہم ہمیشہ امریکی مفادات کے محافظ رہے ہیں مگر تاریخ میں پہلی بار یہ ہو رہا ہے کہ ہماری وزارت خارجہ نے حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے امریکہ کی دوغلی پالیسی پر بھر پور احتجاج کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو اٹھانا پڑا ہے،ہمارے ہزاروں جوان شہید ہوئے اور معیشت کو 100ارب ڈالر سے زیادہ کانقصان ہوا مگر امریکہ ہمیشہ بداعتمادی کا مظاہر ہ کرتا رہا اورہمیںنیچا دکھانے اور اسیر بنانے کی سازشوں میں مصروف رہا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ڈرون حملے ہماری آزادی پر حملہ ہے جسے کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ پر دو اور دو چار کی طرح واضح کردیا جائے کہ اگر ہمارے مفادات کو زک پہنچی تو ہم سے بھی کسی خیر کی امید نہ رکھی جائے۔

متعلقہ عنوان :