بل دینے والوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے‘ زرعی شعبہ کے مسائل حل کئے جائیں‘ آبادکاروں کو سبسڈی دی جائے

پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالستار بچانی کا بجٹ 2016-17ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے اظہارخیال

جمعہ 10 جون 2016 16:34

اسلام آباد ۔10 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جون۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالستار بچانی نے کہا ہے کہ بجلی چوروں کو بے شک بجلی نہ دی جائے تاہم بل دینے والوں کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے‘ زرعی شعبہ کے مسائل حل کئے جائیں‘ آبادکاروں کو سبسڈی دی جائے‘ زرعی شعبہ کے استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ 2016-17ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ کورم کا مسئلہ حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں لوڈشیڈنگ ہے‘ وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف بجلی چوروں کو بجلی نہ دیں مگر جو لوگ بجلی کا بل دیتے ہیں انہیں تو بجلی دی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خراب بیج کی وجہ سے کپاس کی فصل تباہ ہوئی۔ کپاس کی پیداوار 100 من فی ایکڑ سے 20 سے 25 من تک آگئی ہے ،زرعی شعبہ کے مسائل حل کئے جائیں اور آبادکار وں کو سبسڈی دی جائے۔ جب تک زرعی شعبہ مضبوط نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کرے گا۔