رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء کی مقررہ نرخوں پر وافر فراہمی یقینی بنائیں، چوہدری شیر علی خان

جمعہ 10 جون 2016 16:25

لاہور۔10 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جون۔2016ء) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں عوام الناس کو اشیاء خوردو نوش وضروریہ کی خریداری میں ریلیف کی فراہمی کے لئے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے 5ارب روپے کا تاریخی رمضان پیکج دیا ہے جس کے ثمرات بہر صورت عوام تک پہنچائیں گے ۔ ضلعی انتظامیہ عوام کی سہولت کے لئے قائم رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء کی مقررہ نرخوں پر وافر فراہمی یقینی بنائیں، مصنوعی قلت اور گراں فروشی کرنیوالوں کے خلاف سخت اقدامات کریں ۔

انہوں نے یہ بات اٹک میں قائم مختلف سستے رمضان بازاروں میں اشیاء خوردونوش کے معیار اور فراہمی کی چیکنگ کے دوران ضلعی انتظامیہ کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی اٹک کیپٹن (ر) اکرام الحق ،اے سی اٹک سید نذرات علی ، ٹی ایم او سردار آفتاب احمد خان اور ڈی ایس پی حفیظ اولکھ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ چوہدری شیر علی خان نے رمضان بازار وں میں اشیاء کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے پھلوں اور سبزیوں کا معیار مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ۔ وزیر معدنیات نے موقع پر موجود خریداروں سے رمضان بازاروں میں فراہم کی جانے والی سہولیات، اشیاء کے معیار اور قیمتوں بارے آگاہی حاصل کی ۔ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ اشیاء کی کوالٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :