کراچی میں زیرتعمیر مسجد کی چھت گرنے سے 5 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 10 جون 2016 15:00

کراچی میں زیرتعمیر مسجد کی چھت گرنے سے 5 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے

کراچی(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔10جون۔2016ء) نارتھ کراچی کے علاقے لنڈی کوتل میں مسجد عثمان غنی کی زیرتعمیر چھت کا ایک حصہ گرنے سے 5 نمازی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق رمضان المبارک کے پہلے جمعے کے باعث نمازیوں کی بہت بڑی تعداد مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے موجود تھی۔لاشوں اور زخمیوں کوعباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد نمازی اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔اسسٹنٹ پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال ڈاکٹرروہینہ کہنا ہے کہ حادثے میں شہید ہونے والے 5 نمازیوں کی میتیں جبکہ 9 زخمی ہسپتال لائے گئے ہیں۔مسجد میں 500 نمازیوں کی گنجائش ہے جن میں سے متعدد مسجد کے صحن کے علاوہ اس کی چھت پر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چھت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور دیگر امدادی کارکن موقع پر پہنچ گئے۔ نمازیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا ، نمازیوں کا کہنا ہے کہ نماز کی ادائیگی کے دوران اچانک چھت دھماکے سے گرگئی جس سے ہر طرف بھگدڑ مچ گئی۔ حادثے کے بعد زخمیوں اور میتوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور تمام ڈاکٹروں کو فوری طور پر ہسپتال طلب کر لیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کمشنر کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ حادثے کے بعد رینجرز اور پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا ، نمازیوں نے بتایا کہ حادثے کے وقت مسجد میں نماز جنازہ ادا کی جا رہی تھی کہ اسی دوران اچانک چھت نیچے آگری اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔حادثے کے بعد زخمی اور شہید ہونے والوں کے لواحقین ان کی تلاش میں مارے مارے پھرتے رہے۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ مسجد کی چھت ٹین کی تھی جو زوردار دھماکے سے نیچے آگری۔ مسجد کی چھت پر سیمنٹ کے بلاکس اور دیگر سامان رکھا ہوا تھا جس کے گرنے سے نمازی ملبے تلے دب گئے۔ صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ، انہوں نے شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعظم نے شہید ہونے والوں کی مغفرت کیلئے دعا کی اور ان کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ گورنر سندھ نے بھی متعلقہ اداروں سے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

متعلقہ عنوان :