کراچی،دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق کیس میں عامر خان کی دبئی جانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ 15جون تک محفوظ

جمعہ 10 جون 2016 14:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء) کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق کیس میں ایم کیو ایم رہنماعامر خان کی دبئی جانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ 15 جون تک محفوظ کرلیا جبکہ ملزم منہاج قاضی کو جیل میں بی کلاس فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر سرکاری وکیل کو نوٹس جاری کردیئے ،مفرور ملزمان کے ایک بار پھروارنٹ گرفتار جاری کرتے ہوئے سماعت 20جولائی تک ملتوی کردی ہے۔

جمعہ کونائن زیرو پر دہشت گردوں کو پناہ دینے سے متعلق کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہوئی۔ کیس میں نامزد ملزم عامر خان اور مفرور ملزم منہاج قاضی عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عامر خان کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے کیونکہ اگر عامرخان چھ ماہ میں باہر نہیں گئے تو ان کے رہائشی ویزے کی مدت ختم ہوجائے گی۔

(جاری ہے)

انکے بچے انکی سپنرشپ پر تعلیم حاصل کررہے ہیں، جبکہ بچوں کی تعلیم متاثر ہوسکتی ہے۔ عامر خان کا ملک واپس آنا ظاہر کرتا ہے کے وہ قانون پر عمل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ملزم منہاج قاضی کے وکیل نے کہا کہ اس کا موکل پڑھا لکھا اور گریجویٹ ہے لہذا اسے جیل میں بی کلاس فراہم کی جائے۔ اس موقع پر منہاج قاضی کے وکیل نے عدالت میں ملزم کی تعلیمی اسناد کی کاپیاں بھی پیش کئیں۔

منہاج قاضی کے وکیل نے عدالت میں موقف اپنایا کے منہاج قاضی کا تعلق ایک اچھے گھرانے سے ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کے آپکا خاندانی پس منظر اتنا اچھا ہے تو پھر آپ یہاں کیوں کھڑے ہیں۔ عدالت کے ریمارکس پر منہاج قاضی نے موقف اپنایا کے میرا قصور یہ ہے کے میرا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔عدالت نے بی کلاس کی درخواست پر 15 جون تک دلائل دینے کا حکم دے دیتے ہوئے عامر خان کی دبئی جانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔اس موقع پرعدالت نے کیس میں مفرور ملزمان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید سماعت20 جولائی تک ملتوی کردی۔مفرورملزمان میں نعیم ملا،شہزادملا،رئیس ماما،عمران اعجازنیازی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :