بندل آئی لینڈ کے قریب ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر سے دفاعی تنصیبات کو کوئی خطرہ نہیں،وفاقی وزیر قانون و موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد کا ایوان بالا میں توجہ دلاؤ نوٹس پر اظہار خیال

چیئرمین سینٹ نے معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا

جمعہ 10 جون 2016 12:25

اسلام آباد ۔10 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 جون۔2016ء) وفاقی وزیر قانون و موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ کراچی میں بندل جزائر کے قریب ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر سے دفاعی تنصیبات کو کوئی خطرہ نہیں۔ جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان‘ کریم خواجہ اور تاج حیدر کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت ایل این جی کے لئے تین ٹرمینل تعمیر کئے جارہے ہیں۔

ایک ٹرمینل بن چکا ہے اور یہ ٹرمینل کراچی میں رہائشی علاقے سے فاصلے پر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرمینل کی تعمیر سے پہلے ماحولیاتی اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ یہ تاثر درست نہیں کہ ایل این جی ٹرمینل بندل جزائر پر بنایا جارہا ہے بلکہ یہ ٹرمینل بندل جزائر کے قریب تعمیر کیا جائے گا جس سے دفاعی تنصیبات کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ وفاقی وزیر نے یہ معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ قائمہ کمیٹی اس کی مزید تحقیقات کرا سکتی ہے اور متعلقہ اداروں اور محکموں کے حکام سے اس حوالے سے معلومات حاصل کر سکتی ہے۔ وفاقی وزیر کی طرف سے رضامندی ظاہر کرنے کے بعد چیئرمین نے معاملہ مزید غور کے لئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

متعلقہ عنوان :