لاہور ،نامعلوم لڑکی کی نعش کے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگالیا گیا

قتل میں ملوث 2ملزموں گرفتار ،اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا گیا

جمعرات 9 جون 2016 22:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 جون ۔2016ء) ہومی سائیڈ یونٹ چوہنگ نے چند روز قبل چوہنگ کے علاقے سے ملنے والی نامعلوم لڑکی کی نعش کے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگاکر اس قتل میں ملوث 2ملزموں کو گرفتار کر کے اندھے قتل کا معمہ حل کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل چوہنگ کے دریائی علاقہ سے ایک نامعلوم لڑکی کی برہنہ نعش ملی جسکا تھانہ چوہنگ میں نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔

وقوعہ کی سنگینی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ایس پی صدر انویسٹی گیشن عاطف نذیر اور اے ایس پی چوہنگ عثمان طارق بٹ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا جس پر اُنہوں نے انچارج ہومی سائیڈ یونٹ چوہنگ سب انسپکٹر خلیل احمداور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تفتیش کا آغاز کیا تو اُنہوں نے نعش کے قریب سے ملنے والی دانتوں سے چبائی ہوئی دو سموں میں سے ایک سم جو کچھ بہتر حالت میں تھی کو استعمال میں لاتے ہوئے جب چیک کیا تو یہ منچن آباد کے رہائشی اﷲ دتہ کے نام پر تھی جب اس سے رابطہ کیا گیا تو اس نے بتایا کہ یہ دوسری سم میرے نام پر ہے لیکن میری بیٹی کے پاس ہے جو لاہور میں مقیم ہے اور اس نے چند ماہ قبل نیا انڈرائیڈ فون لیا تھا جس میں اس نے یہ سم ڈالی تھی اس موبائل کا ڈبہ میرے پاس ہے اس ڈبے سے IMEIنمبر لے کر اس نمبر کو ٹریکنگ پر لگا دیا گیا جس پر استعمال ہونیوالے نمبر کو ٹریس کیا گیاجو محمد وقاص عرف کاشی کے زیر استعمال تھا جب ملزم کاشی کو شامل تفتیش کیا گیا تو اس نے بتایا کہ یہ موبائل مجھے دلاورحسین نے دیا تھا۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش ملزم دلاور حسین نے اعتراف جرم کر لیا اور بتلایا کہ قتل کی شام میں اور کاشی دونوں نے مقتولہ بلقیس بی بی کو 5500روپے میں بک کیا جس کو ہمراہ لا کر ہم دونوں نے رینٹ کے کوارٹر پر زنا کاری کی ۔ مقتولہ کے کانوں کی سونے کی بالیاں اور پیسے دیکھ کر ہماری نیت بدل گئی ۔ہم دونوں گھومنے پھرنے کا بہانہ بنا کر مقتولہ کو اپنے ساتھ لے کر ہائی نون فیکٹری کی بیک سائیڈ دریائی علاقہ میں لے گئے اور گڑھے میں پھینک کر اس کے کپڑوں سے لگی ڈوری کے ساتھ اس کو پھندا ڈال کر قتل کر دیا اور کانوں کی بالیاں، نقدی اور موبائل فون لے کر برہنہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

ڈی آئی جی انوسٹی گیشن سلطان چوہدری نے اندھے قتل کی واردات میں ملوث ملزموں کا سراغ لگاکر گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :