سبی میں سورج سوانیزے پر آگیا، درجہ حرارت 51سینٹی گریڈ ، گلیاں بازار سنسان

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 9 جون 2016 22:30

سبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 09 جون۔2016ء ) سبی اور گردونواح میں قیامت خیز گرمی،سورج سوانیزے پر آگیا، سبی میں درجہ حرارت 51سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ،دوپہر کو شہر کی اہم شاہراہیں اور مارکیٹیں مکمل طور پر بند ،لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ،ماہ رمضان میں بھی قیامت خیز گرمی کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کی شدیدقلت بدستور جاری ہے ،بجلی کی بار بار آنکھ مچولی اور طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث روزے دار بلبلا اٹھے ،تفصیلات کے مطابق سبی شہر اور گرد و نواح کے علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جمعرات کو سبی میں درجہ حرارت 51سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ، قیامت خیز گرمی کے باعث دوپہر کو شہر کی تمام مارکیٹیں اور دکانیں مکمل طور پر بند اور لوگ گھروں تک محدود اور شہر کی گلیاں اور سڑکیں سنسان ہو گئے شدید گرمی کے باعث ایئر کولروں اور ایئر کنڈیشن نے کام چھوڑ دیا ،سبی شہر اور گرد و نواح میں شدید گرمی کے باعث گرمی لگنے سے پانچ مزدور سمیت گیارہ افراد متاثر ہو کر مختلف ہسپتالوں میں پہنچ گئے سبی میں ایک جانب قیامت خیز گرمی جبکہ دوسری جانب پینے کے پانی کی شدید قلت اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اور آنکھ مچولی نے روزے داروں اور شہریوں کو مزید پریشان کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :