محکمہ داخلہ کا رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر کراچی سمیت سندھ بھر میں سخت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے احکامات

جمعرات 9 جون 2016 21:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء) حکومت سندھ کے محکمہ داخلہ نے رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر کراچی سمیت پورے سندھ میں سخت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان تمام مساجد ، امام بارگاہوں اور کھلے میدانوں کے قریب سخت سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے جہاں نماز جمعہ کے اجتماعات منعقد ہوں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ جمعہ کے روز وہ اپنی پیٹرولنگ کو بڑھادیں اور مشکوک افراد اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لئے اسنیب چیکنگ کریں۔ اس کے علاوہ جمع المبارک کے موقع پر شہر میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں پر بھی نظر رکھی جائے تاکہ نقص امن کا کوئی خطرہ پیدا نہ ہو اور روزہ داروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔