رمضان آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کیخلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری

جمعرات 9 جون 2016 21:19

ملتان( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جون ۔2016ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر و ایڈمنسٹریٹر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان نادر چٹھہ نے رمضان المبارک آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ٹاؤنز کو ہدایت کی کہ اپنی حدود میں دن کے اوقات میں کھلنے والے ہوٹلوں کو سیل کرکے مالکان کوجیل میں ڈالا جائے ۔

۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت نے روزہ داروں کی سہولت کیلئے 13رمضان بازاقائم کئے ہیں جہاں لاکھوں روپے کی سبسڈی سے پھل اور سبزیوں سمیت اشیاء ضروریہ مارکیٹ سے سستے داموں فراہم کی جارہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی سی او آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر منظر جاوید اور ضلعی آفیسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ڈی سی او نادرچٹھہ نے کہا کہ عوام کی بڑی تعداد رمضان بازاروں کا رخ کررہی ہے آٹا اور چینی کے سٹالوں پر بے پناہ رش کے باعث اضافی سٹاک رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ رمضان بازاروں میں فراہم کی جانے والی سبسڈی سے فائد ہ اٹھائیں اور بھر پور خریداری کریں۔ ڈی سی او نے کہا کہ وہ روزانہ سبزی منڈی اور رمضان بازاروں کا دورہ کررہے ہیں تاکہ مہنگی اشیاء خوردونوش کی ترسیل پہلے مرحلے پر ہی کنٹرول کی جائے ۔

نادرچٹھہ نے اجلاس میں شریک پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر 10سے زائد دکانیں اور بازار چیک کرکے گراں فروشی پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں تاکہ عام شہریوں کو ریلیف دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں شکایات اور مسائل کی نشاندہی کیلئے سپیشل برانچ اور تھرڈ پارٹی سے خصوصی مانیٹرنگ کرائی جارہی ہے تاکہ محکموں کی کارکردگی جانچی جاسکے ۔

دریں اثناء ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ نے گزشتہ روز مشیر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری ارشد کے ہمراہ شمس آباد ، مدنی چوک اور ممتاز آباد رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور شہریوں کے مسائل سنے ۔اس موقع پر شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں کا قیام حکومت پنجاب کا احسن قدم ہے پھل او ر سبزیوں کا معیار اور نرخ بھی مناسب ہیں ۔ ڈی سی او نے اس موقع پر ٹی ایم اوز اور انچارج رمضان بازاروں کی کارکردگی کو سراہا اور انتظامات مزید بہتر کرنے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :