وفاقی حکومت کی جانب سے صنعتی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں نمایا ں کمی معاشی ترقی کے لئے اہم قدم ہے،شیخ خالد تواب

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے صنعتوں کو بجلی کے بحران سے نکالنے کیلئے وعدے کی پاسداری کی ہے ، قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی

جمعرات 9 جون 2016 20:36

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 جون ۔2016ء ) وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت کے قائم مقام صدر شیخ خالد تواب نے وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر کے صنعتی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں نمایا ں کمی کو معاشی ترقی کے لئے اہم قدم قرار دیا ہے،وزیر اعظم محمد نواز شریف نے صنعتوں کو بجلی کے بحران سے نکالنے کے لئے اپنے وعدے کی پاسداری کی ہے۔

ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر شیخ خالد تواب نے کہا ہے کہ صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں پانی، بجلی ، گیس اور لاء اینڈ آرڈر بنیادی اہمیت رکھتے ہیں جبکہ موجودہ حکومت نے گیس کے بعد اپنے وعدے پر قائم رہتے ہوئے صنعتوں کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے حوالے سے عملی اقدامات کئے ہیں اور اس عمل سے ملک کی برآمدات کے ساتھ روزگار ، مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے نئے باب کھلیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار برس کے دوران خصوصاْ پنجاب کے صنعتی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے نتیجے میں صنعتی پیداوار کو شدید دھچکا لگا تھاجس کے سبب ہماری برآمدات بھی متاثر ہوئی تھیں۔ قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی شیخ خالد تواب نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران نیشنل گرڈ میں دو ہزار چھے سو پینسٹھ میگا واٹ بجلی کا اضافہ ہوا ہے ۔ شیخ خالد تواب نے امید ظاہر کی کہ 2018ء کے آخر تک ملک کو لوڈ شیدنگ سے بحران سے نکانے کے لئے حکومت بھر پور اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای اور کاٹج انڈسٹری ماضی میں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی تھیں اس عمل سے ایس ایم ای اور کاٹج انڈسٹری دوبارہ معاشی ترقی کے عمل کا حصہ بنیں گی۔ انہوں نے نیشنل گرڈ میں بجلی کے اضافے کے عمل پر وفاقی وزیر براے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتوں کی پیدارواری صلاحیت میں اضافے سے صنعتی مسائل میں نمایاں کمی اور ملک خوش حالی کی جانب رواں ہوگا۔ شیخ خالد تواب نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی صنعتوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی ہے۔ قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت رہائشی علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لئے بھر پور اقدامات کرے گی۔