کمشنر لاہور ڈویژن کا شادمان ، وحدت کالونی اور سمن آباد رمضان بازاروں کا دورہ

بعض جگہوں پر لیموں کی کمی کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لے کر انتظامیہ سے لیموں بڑے پیمانے پر خرید لیے ہیں‘عبداﷲ خان سنبل

جمعرات 9 جون 2016 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے شادمان رمضان بازار، وحدت کالونی رمضان بازار اور سمن آباد رمضان بازار کا دورہ کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش کے معیار، قیمتوں، دستیابی اور فراہمی کو چیک کیا۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران رمضان بازاروں سے خریداری کرکے باہر آنے والے خریداروں سے بھی بات چیت کی اور اطمینان کا اظہار کیا۔

کمشنر لاہور ڈویژن نے رمضان بازاروں میں لیموں اور چینی کی دستیابی کو خصوصی طور پر چیک کیا اور سٹاک و سیل رجسٹر بھی چیک کیے۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا کہ بعض جگہوں پر لیموں کی کمی کے حوالے سے شکایات کا نوٹس لے کر انتظامیہ سے لیموں بڑے پیمانے پر خرید لیے ہیں۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈی سی اوز کو احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں کہ وہ منڈیوں میں صبح کی نیلامی کو مزید موثر طریقے سے مانیٹر کریں۔

انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لیے لاہور ڈویژن میں پرائس چیکنگ میکانزم کو نہایت فعال کیا جا چکا ہے۔ صرف گزشتہ روز لاہور سمیت چاروں اضلاع میں 203 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا ہے اور 2لاکھ 55ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :