حکمران اوران کے حواری عورت کی عزت نہیں کرسکتے، وفاقی وصوبائی وزراء اپنی زبانوں کولگام دیں اورخواتین کااحترام کرناسیکھیں

پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی کا افطارپارٹی سے خطاب

جمعرات 9 جون 2016 19:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جون ۔2016ء ) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکمران اوران کے حواری عورت کی عزت نہیں کرسکتے۔آج عورت پارلیمنٹ ،گھراوردفترسمیت کسی مقام پرمحفوظ نہیں ہے ۔وفاقی وصوبائی وزراء اپنی زبانوں کولگام دیں اورخواتین کااحترام کرناسیکھیں۔جس کے اپنے گھر میں ماں بیٹی ہووہ دوسروں کی ماں بیٹی کوگالی نہیں دے سکتا۔

خواجہ آصف نے جس طرح پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکردھڑلے سے بدزبانی اوربداخلاقی کامظاہرہ کیا اس پراسے معاف نہیں کیا جاسکتا۔اگرپاکستان میں آئین وقانون کی حکمرانی ہوتی خواجہ آصف اس وقت جیل میں ہوتا۔وہ جمعرات کوجاویدکالونی میں ایک افطارپارٹی سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ کچھ گناہوں کی معافی اورتلافی نہیں ہوتی ،خواجہ آصف کی رکنیت ختم کر کے موصوف کو تاحیات نااہل قراردیا جائے۔

(جاری ہے)

شریف برادران کے دورمیں عورت کوزندہ جلانے کے واقعات سے ان کی عورت دشمنی صاف عیاں ہے۔انہوں نے کہا کہ مری کے بعدلاہورمیں ایک جواں سال لڑکی کوزندہ جلادیا گیا ،''وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا''کی پریس ریلیز سے درندوں کی صحت اورسوچ پرکوئی فرق نہیں پڑتا۔لاہورسمیت پنجاب بھرمیں بدترین بیڈگورننس پرشہبازشریف استعفیٰ دیں۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران اوران کے سابقہ حواری شیخ رشیداحمد کی طرف سے عوامی اجتماعات میں اورمیڈیا پر بینظیر بھٹوشہید کی ذات پرشرمناک حملے فراموش نہیں کئے جاسکتے ۔

حکمرانوں سے وضاحت طلب کی جائے وہ ملک میں کس کلچرکوپروموٹ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کااستحصال بھی شدت پسندی کے زمرے میں آتا ہے ۔وفاقی وصوبائی وزراء جس طرح مسلسل عورت ذات کو توہین اورتضحیک کانشانہ بنا رہے ہیں اس سے عورت ذات بارے ان کاتعصب اورخبث باطن ظاہرہوگیا ہے ۔