پانامہ لیکس آنے کے بعد (ن) لیگ کا سیاسی ٹائی ٹینک ڈوبنا شروع ہو گیا ، (ن) لیگ کے درباری خواجہ آصف چند روز بعد کلین بولڈ ہونے والے ہیں ان کی بد تمیز ی اوربد حواسی اب انہیں نہیں بچا سکتی

تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے ممبرر ولید اقبال کی وفود سے گفتگو

جمعرات 9 جون 2016 19:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے ممبرر ولید اقبال نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس آنے کے بعد (ن) لیگ کا سیاسی ٹائی ٹینک ڈوبنا شروع ہو گیا ہے ، (ن) لیگ کے درباری خواجہ آصف چند روز بعد کلین بولڈ ہونے والے ہیں ان کی بد تمیز ی اوربد حواسی اب انہیں نہیں بچا سکتی ، دھاندلی اور کرپشن (ن) لیگ کی پہچان بن چکے ہیں،قوم جھوٹے ،مفاد پرست اور کرپٹ سیاستدانوں کا فوری احتساب اور ان سے چھٹکارا چاہتی ہے ۔

وہ جمعرات کو اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔ولید اقبال نے کہا کہ خواجہ آصف کی قومی اسمبلی کے فلور پر بد تمیزی ان کے بیہودہ ذہن کی عکاسی کرتی ہے ، تحریک انصاف کے جلسوں میں خواتین کے ساتھ بد تمیزی پر دوسروں کو تمیز کا درس دینے والوں کو اب کیوں سانپ سونگھ گیا ہے ؟ان کی پراسرار خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ تحریک انصاف کے جلسوں میں (ن) لیگ نے اپنے غنڈوں کو بھیجا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان کے مبارک مہینہ میں روزا داروں کو بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی نے نا اہل اور جھوٹے حکمرانوں کو بد دعائیں دینے پر مجبور کر دیا ہے ، سستے رمضان بازاروں میں فوٹو سیشن کروا کر عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا گلشن راوی کے رمضان بازار میں زائدالمیعادکو کنگ آئل کی فروخت نے پنجاب حکومت اور ان کے ممی ڈیڈی وزراء کی کار کردگی اور گڈ گورننس کے دعو وں کی قلعی کھول دی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ(ن) لیگ عوام اور ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ، انکی نا اہلیوں،نا لائقیوں اور تجربوں کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے مگر یہ ڈھیٹ ، ہٹ دھرم اور مفاد پرست قوم پر ترس کھانے کی بجائے انہیں جھوٹے خواب دکھا کر بے وقوف بنانے کی نا کام کوشش کر رہے ہیں ، عوام ان کے چہروں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں اور وہ اب ان کے کسی مکر و فریب میں نہیں آئیں گے ۔