حقوق نسواں بل منظور ہونے کے باوجودپنجاب میں خواتین کو زندہ جلایا جانا پنجاب حکومت کی گڈ گورننس پر سوالیہ نشان ہے

تحریک انصاف لاہور کے رہنما عمر کسانہ کابیان

جمعرات 9 جون 2016 19:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جون ۔2016ء) تحریک انصاف لاہور کے رہنما عمر کسانہ نے کہا ہے کہ حقوق نسواں بل منظور ہونے کے باوجودپنجاب میں خواتین کو زندہ جلایا جانا اور غیر ت کے نام پر قتل پنجاب حکومت کی گڈ گورننس پر سوالیہ نشان ہے ۔جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور میں پسند کی شادی پر بیٹی کو زندہ جلادینا اور دیگر شہروں میں خواتین کے قتل سے لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال کھل کر سامنے آگئی ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت نے حقوق نسواں بل تو منظور کر لیا لیکن اس پر عمل درآمد کو یقینی نہیں بنایا گیا ہے اگر کسی ایک ملزم کو سزائے موت جیسی سزا دی گئی ہوتی تو آج کسی کی جرات نہ ہوتی غیر ت کے نام پرخواتین کو قتل اور زندہ جلانے کی ۔اپنے ایک بیان میں عمر کسانہ کا کہنا تھا کہ معاشرے میں بگاڑ کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہمارے قو ل و فعل میں تضاد بہت ہے ۔جو ہم کہتے ہیں اس پر عمل نہیں کرتے ۔وزیر اعلی پنجاب غیرت کے نام پر قتل ہونے والی کسی بھی خاتون کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے جوش خطابت میں بڑے بڑے دعوے کر جاتے ہیں لیکن حقیقت میں کچھ بھی نہیں کیا جاتا۔