وزیر محنت راجہ اشفاق سرور سے میکنزی اینڈ کمپنی کے سربراہ ٹام اشروڈ کی قیادت میں وفد کی ملاقات

ٹیوٹا ، پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ خلیجی ممالک کی ڈیمانڈ کے مطابق نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں‘ راجہ اشفاق سرور

جمعرات 9 جون 2016 18:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جون ۔2016ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پنجاب گروتھ سٹریٹیجی 2018 ء کے تحت 20 لاکھ نوجوانوں کی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق فنی تربیت اوران تربیت یافتہ گریجوایٹس کو اندرون و بیرون ملک مناسب روزگار کی فراہمی کیلئے حکومت پنجاب معروف بین الاقوامی مشاورتی کمپنی میکنزی کی خدمات سے بھرپوراستفادہ کرے گی ،خلیجی ممالک کی 15 سے زائد تجارتی و تعمیراتی کمپنیوں نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فنی تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اپنے ممالک کے تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے ملازمت دینے کیلئے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے یہ بات میکنزی اینڈ کمپنی کے سربراہ ٹام اشروڈکی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایٹ پرنسپل کمپنی تیمور خان ، سی ای او پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ علی اکبر بوسن کے علاوہ محکمہ لیبر کے اعلیٰ افسران اس موقع پر موجود تھے ۔راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نوجوانوں کو روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئے روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی تعلیم کے فروغ کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ٹیوٹا ، پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل اور پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ سمیت مختلف سرکاری و نجی فنی تربیت فراہم کرنے والے اداروں کو خلیجی ممالک کی ضروریات کے مطابق تربیت کی فراہمی کیلئے سیلبس اپ گریڈ کرنے اور تربیت کا مقررہ ہدف بہر صورت حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آبادی اور مزدوروں کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ روزگار کی فراہمی کے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔ ضرورت اس امرکی ہے کہ ان مزدوروں کو ہنر مند بنایا جائے تاکہ وہ مناسب روزگار حاصل کرنے اور ملک کیلئے زرمبادلہ کمانے کے قابل ہو سکیں ۔ میکنزی اینڈ کمپنی کے سربراہ ٹام اشروڈ نے کہا کہ وہ خلیجی ریاستوں میں معروف بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اُن کی ڈیمانڈ کے مطابق نوجوانوں کی تربیت کیلئے حکومت پنجاب کو بھرپور مشاورت اور فنی رہنمائی فراہم کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تربیتی اداروں کی سربراہان پر مشتمل وفود بھی خلیجی ممالک میں بھیجے جائیں گے ۔ انہوں نے فنی تربیت کیلئے بھرپور اور فول پروف میکانیزم کی تشکیل پر زور دیا دیا جو نتیجہ خیز ہو۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک راہ داری منصوبے اور گوادار بندرگاہ کے قیام کے بعد خلیجی ممالک پاکستان میں ہونے والی صنعتی و معاشی ترقی سے پوری طرح آگاہ ہیں اوروہ اپنے ممالک میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے پاکستانی مزدور کو ترجیح دیتے ہیں۔ راجہ اشفاق سرور نے اُمید ظاہر کی کہ میکنزی اینڈ کمپنی حکومت پنجاب کو نوجوانوں کی فنی مہارت ، تعلیم وتربیت اور اُن کی تربیت کی بین الاقوامی تصدیق کے حوالے سے بھرپور مشاورت اور تعاون فراہم کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :