سستے رمضان بازاروں میں اشیاء کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا ‘ڈی سی او قصور

تمام رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ‘عمارہ خاں

جمعرات 9 جون 2016 17:44

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جون ۔2016ء )ڈی سی او قصور عمارہ خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لگائے گئے سستے رمضان بازاروں میں عوام کو ناصرف مختلف اشیائے خوردونوش پر خصوصی سبسڈی دی جارہی ہے بلکہ ان اشیاء کی کوالٹی کو بھی مسلسل یقینی بنایا جا رہا ہے ‘ضلع بھر میں قائم تمام سستے رمضان بازاروں پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس و دیگر افسران ڈیوٹی دے رہے ہیں جو اشیائے خوردونوش کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں ۔

انہوں نے بعض اخبارات میں شائع ہونے والی اس خبر کی سختی سے تردید کی کہ سستے رمضان بازار بیوروکریسی اور بااثر شخصیات کی لوٹ مار کا ذریعہ ہیں اور ان بازاروں میں اشیاء ناقص اور غیر معیاری ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سستے رمضان بازاروں میں صفائی ستھرائی ، سیکورٹی اور بزرگ مرد و خواتین کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سستے رمضان بازاروں میں 10کلو آٹا 290روپے ‘چینی 55روپے ‘گھی مارکیٹ ریٹ سے 10روپے کم ‘انڈے مارکیٹ ریٹ سے 5روپے کم ‘چکن مارکیٹ ریٹ سے 10روپے کم ‘گوشت مارکیٹ ریٹ سے 20روپے کم نیز فیئر پرائز شاپس پر دال چنا ، دال ماش ، بیسن ، کھجور و دیگر اشیاء پر خصوصی سبسڈی دی گئی ہے۔

ان اشیاء کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے وہ خود ضلع بھر کے تمام رمضان بازاروں کا روزانہ کی بنیادوں پر معائنہ کر رہی ہیں ۔انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت ہرگز اجازت نہ دی جائیگی اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔