”اہلِ قلم ڈائریکٹری“ کا نیا ایڈیشن جلد شائع کیا جا رہا ہے،ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو

جمعرات 9 جون 2016 16:22

اسلام آباد ۔ 9 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جون۔2016ء) اکادمی ادبیات پاکستان کے اہم اشاعتی منصوبے ”اہلِ قلم ڈائریکٹری“ کا نیا ایڈیشن مرتب کیا جا رہا ہے۔ اس ڈائریکٹری میں تمام زبانوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ادیبوں اور شاعروں کے کوائف یکجا کر کے شائع کیے جاتے ہیں۔ یہ بات اکادمی ادبیات پاکستان کے چےئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے ایک بریفنگ میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ اکادمی ادبیات پاکستان کی اس ڈائریکٹری میں زندہ پاکستانی ادیبوں کے بارے میں معلومات ہوتی ہیں۔ اہلِ قلم ڈائریکٹری کا تازہ ایڈیشن جلد ہی شائع کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل اہلِ قلم ڈائریکٹری کا ایڈیشن چھ برس پہلے شائع کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی ادیبوں، شاعروں، لکھاریوں اور دانش وروں سے گزارش ہے کہ اپنے کوائف جن میں قلمی نام، اصل نام، تاریخ پیدائش، مقام پیدائش، صنفِ ادب، زبان، مطبوعات (بمعہ صنف، سالِ اشاعت، ایڈیشن)، اعزازات، پتا، رابطہ نمبر اور ای میل وغیرہ بذریعہ ڈاک یا برقی پتے(ای میل) ارسال کردیں تاکہ ان کا نام اور معلومات شائع کی جاسکیں۔

(جاری ہے)

چےئرمین اکادمی نے دنیا کے کسی بھی حصے میں مقیم پاکستانی اہلِ قلم اپنی تفصیلات/کوائف 30 جون 2016ء تک ارسال کرنے کی درخواست کی ہے۔ 30 جون، 2016ء کے بعدموصول ہونے والے کوائف شامل اشاعت نہیں ہو سکیں گے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹری کا کوائف نامہ اکادمی کی ویب سائٹ www.pal.gov.pk سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے اور سادہ کاغذ پر بھی معلومات بھیجی جاسکتی ہیں۔