شہریوں کی طرف سے ٹی وی چینلز پر رمضان المبارک کی مناسبت سے پروگراموں کا خیر مقدم

جمعرات 9 جون 2016 14:01

اسلام آباد ۔ 9 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جون۔2016ء) ٹی وی چینلز پر رمضان المبارک کی مناسبت سے پروگراموں کا آغاز کیا گیا ہے اور سحری و افطاری کے اوقات میں اسلامی تعلیمات پر مبنی مفید معلوماتی پروگرام پیش کئے جا رہے ہیں جن کا شہریوں نے خیرمقدم کیا ہے۔ ان پروگراموں میں روزے کی اہمیت اور اسلامی عقائد کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

بچے اور خواتین ان پروگراموں سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں، تقریباً تمام نجی چینلز اور پی ٹی وی پر رمضان المبارک کے خصوصی پروگرام ٹیلی کاسٹ کئے جا رہے ہیں جن میں شان رمضان، نور رمضان، روح رمضان، رونق رمضان، مرحبا رمضان، سبحان رمضان، جشن رمضان نمایاں ہیں۔ ایک خاتون نفیسہ خان نے کہا کہ رمضان المبارک میں ٹی وی پروگراموں پر بڑا اچھا آغاز کیا گیا ہے جسے رمضان المبارک کے بعد بھی جاری رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں جن کا زیادہ تر وقت گھر پر گزرتا ہے اور وہ ٹی وی سے مفید معلومات حاصل کر کے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی زندگی میں بہتری لا سکتی ہیں۔ ٹی وی پروگراموں میں اسلامی تاریخ ، قرآن کا پیغام، حمدوثناء اور نعت شریف شامل ہیں جن میں معروف علمائے کرام میزبانی کے فرائض سرانجام دیتے ہیں اور لوگوں کو اسلامی تعلیمات سے آگاہ کرتے ہیں، خصوصی پروگرامز پورے رمضان المبارک میں جاری رہیں گے۔