مساجد میں اجتماعی افطاریوں کا سلسلہ شروع ہو گیا

جمعرات 9 جون 2016 13:59

اسلام آباد ۔ 9 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔09 جون۔2016ء) رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مساجد میں اجتماعی افطاریوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

(جاری ہے)

رمضان المبارک کے موقع پر بڑی تعداد میں نمازیوں کو مساجد میں اجتماعی افطاری میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے جبکہ مسافروں اور نادار اور مسحق افراد کو ان افطار پروگراموں میں خصوصی توجہ دی جاتی ہے جس کا مقصد سحری کرانے اور روزہ افطار کرانے کا ثواب حاصل کرنا ہے، بعض صاحب استطاعت جو کسی بیماری کی وجہ سے روزہ رکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے وہ غریب و مساکین روزہ داروں کو سحری اور افطاری فراہم کرتے ہیں اور بیشتر افراد اپنا فدیہ مساجد اور سماجی حلقوں کی ان تنظیموں کے حوالے کر دیتے ہیں جو عملی طور پر اجتماعی سحر و افطار کے دستر خوان سجاتے ہیں، ملک کے دیگر حصوں کی طرح جڑواں شہروں میں بھی مختلف مقامات پر اور مساجد میں اجتماعی افطار کے دستر خوان باقاعدگی سے سجانے کا اہتمام شروع ہو گیا ہے، بعض مساجد اجتماعی سحری کا بھی بندوبست کریں گی، بعض دینی و فلاحی تنظیموں نے بھی مخیر حضرات سے اپنے عطیات کی اپیلوں والے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کر رکھے ہیں تا کہ ان کے تعاون سے یہ سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔