بلوچستان ڈرون حملے کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان کشید گی

اوباما انتظامیہ کا دو اعلیٰ عہدیدار پاکستان بھیجنے کا فیصلہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 9 جون 2016 13:24

بلوچستان ڈرون حملے کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان کشید گی

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09جون۔2016ء) بلوچستان ڈرون حملے کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان کشید گی عروج پرپہنچ چکی ہے۔ اوباما انتظامیہ نے پاکستان سے کشیدگی کم کرنے کیلئے دو اعلیٰ عہدیدار پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکی صدر کے مشیر پیٹرلیوئے اور پاکستان وافغانستان کیلئے خصوصی نمائندے رچرڈ اولسن جمعہ کے روز پاکستان پہنچیں گے۔

اسلام آباد میں سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں ہوںگی، پاک امریکا تعلقات اور علاقائی امور پر بات چیت ہوگی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں کشیدگی پر اوباما انتظامیہ میں تشویش بڑھنے لگی۔ اعلیٰ سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وفد اسلام آباد میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی اعلیٰ حکام کے دورے میں پاک امریکا تعلقات ، علاقائی امور پر بات چیت کی جائے گی۔اہم ملاقات میں افغانستان میں قیام امن اور خطے میں استحکام سے متعلق اقدامات پر بھی بات چیت ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وفد کی وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔