سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کی حکومت کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی سفارش

مغربی روٹ کو فنڈز فراہم نہ کرکے وفاق کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،فرحت اللہ بابر مشرقی روٹ پر فنڈز لگا کر مغربی روٹ کی اہمیت کم کی جا رہی ہے،سینیٹر فتح محمد حسنی، تمام فنڈز مشرقی روٹ پر خرچ کئے جا رہے ہیں مغربی روٹ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے،سینیٹر عثمان کاکڑ

منگل 7 جون 2016 21:54

اسلام آبا د ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 جون ۔2016ء ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے حکومت کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بیس فیصد اضافے کی سفارش کر دی۔کمیٹی نے پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں دس فیصد کی بجائے بیس فیصد کرنے کی تجویز کی منظوری دیدی۔ فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ مغربی روٹ کو فنڈز فراہم نہ کرکے وفاق کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

سینیٹر فتح محمد حسنی نے کہا کہ مغربی روٹ کی بجائے مشرقی روٹ پر فنڈز لگا کر مغربی روٹ کی اہمیت کم کی جا رہی ہے۔سینیٹر عثمان کاکڑ کا کہنا تھا کہ تمام فنڈز مشرقی روٹ پر خرچ کئے جا رہے ہیں اور مغربی روٹ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ سنیٹ سعود مجید کا کہنا تھا کہ مغربی روٹ کو فوری طور پر فنڈز فراہم کرنے کی سفارش میں جلد بازی نہ کی جائے پہلے اس بات کو دیکھ لیا جائے کہ کیا وہاں پر فنڈز مختص کرنے کی ضرورت تھی بھی کہ نہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم ایچ مانڈوی والا کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں مالی سال 2016-17 کے بجٹ کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔سینیٹرز کی طرف سے مختلف بجٹ سفارشات کا جائزہ بھی لیا گیا چیئرمین کمیٹی سلیم ایچ مانڈوی والا نے کہا کہ اس دفعہ نہ صرف اراکین کمیٹی و سینیٹرز سے بجٹ بارے سفارشات حاصل کی جائیں گی بلکہ متعلقہ سیکٹر سے بھی سفارشات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ جامع سفارشات مرتب کی جا سکیں ۔

کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹرز فرحت اللہ بابر ، محمد اعظم خان سواتی ، اور عثما ن سیف اللہ خان کی بجٹ بارے سفارشات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔قائمہ کمیٹی کے آج کے اجلاس میں سینیٹر محمد محسن خان لغاری، مس عائشہ رضا فاروق ، مشاہد اللہ خان، سعود مجید ، سردار فتح محمد محمد حسنی ، محسن عزیز، فرحت اللہ بابر، محمد عثمان خان کاکٹر، اور محمد اعظم خان سواتی کے علاوہ سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود ، سیکرٹری پلاننگ ڈویژن اور چیئرمین ایف بی آر کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

قائمہ کمیٹی خزانہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اضافے کی منظوری دے دی قائمہ کمیٹی نے آل پارٹیز کانفرنس کے 28 مئی 2015 کے فیصلے جس میں سی پیک کے مغربی روٹ کو ترجیح دی جائے گی اور مغربی روٹ کو مشرقی روٹ کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے کی منظوری دے دی اور موسمی تغیرات ماحولیاتی بہتری اور آبادی کی محرکات کے حوالے سے پیرس کانفرنس نے جو وعدے کیے ہیں کے حوالے سے سپیشل فنڈ مختص کیا جائے کی بھی منظوری دے دی ۔

جس پر سیکرٹری پلاننگ ڈویژن نے کہا کہ موسمی تغیرات کی وزارت نے جو منصوبے مانگے تھے ان کی منظوری دے دی گئی ہے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے تجویز دی کہ ہیو من رائٹس کمیشن کا فنڈ قائم کیا جائے اور اس کیلئے 5 سو ملین جمع کرائے جائیں قائمہ کمیٹی نے ملک میں سولر انرجی کے استعمال کو فروغ دینے کیلئے زیادہ سے زیادہ انسنٹوو متعارف کرانے کے علاوہ سبسڈ ی فراہم کرنے کی بھی سفارش کر دی اور فاٹا یونیورسٹی کے فنڈ ز 250 ملین سے بڑھا کر 1000 ملین کرنے کی تجویز بھی منظور کر لی ۔

سینیٹر اعظم خان سواتی کی سفارشات کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ایوانوں کے ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر بجٹ پراسس کو چار سے چھ ماہ پہلے شروع کیا جائے اور سفارشات مرتب کی جائیں سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ زراعت پر ہم سیلز ٹیکس کی مد میں 60 ارب روپے اکٹھا کرتے ہیں اور اگر زراعت پر سبسڈی فراہم کی جائے تو کپاس کی مد میں ہم سینکڑوں ارب روپے کے نقصان سے بچ جائیں گے ۔

قائمہ کمیٹی نے این ایف سی ایوارڈ کی تاخیر کو بھی ملکی مفاد کے خلاف قرار دیا اور فیصلہ کیا کہ ملکی و غیر ملکی قرضے بارے پارلیمنٹ کا اعتما دمیں لیا جائے گا۔ اورسرکاری اشتہارات ، غیر ملکی دورے ، وزیراعظم اور صدر کے اخراجات کو کم کرنے کی سفارش بھی کر دی قائمہ کمیٹی نے پی ایس ڈی پی کے فنڈز کو وقت پر جاری کرنے کی سفارش کی اور نہ فائلرز پر بھاری ٹیکس کے علاوہ سزا مقرر کرنے کی بھی سفارش کر دی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا کہ بے نامی پراپرٹی کا بل جلد متعارف کرایا جارہا ہے ۔

قائمہ کمیٹی نے سینیٹر عثمان سیف اللہ خان کی سفارشات کا جائزہ بھی لیتے ہوئے پمز ہسپتال میں آئی سی یو قائم کرنے اور سٹاف اور کیپٹل اخراجات کیلئے فنڈز مختص کرنے کی سفارش کر دی اور ریفنڈ سسٹم کو بہتر کرنے کی سفارشات بھی کر دی ۔( و خ )

متعلقہ عنوان :