رمضان بازاروں میں روز مرہ استعمال کی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، رمضان بازروں میں ہر چیز عام مارکیٹ کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر دستیاب ہے، رمضان بازاروں کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنا ہے

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راولپنڈی کے چیئرمین راجہ محمد حنیف ایڈوکیٹ کی رمضان بازاروں کے دورہ پر گفتگو

منگل 7 جون 2016 20:51

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 جون ۔2016ء) سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راولپنڈی کے چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں روز مرہ استعمال کی معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے - رمضان بازروں میں ہر چیز عام مارکیٹ کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر دستیاب ہے- انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنا اور مہنگائی کا سدباب کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نازیہ پروین سدھن کے ہمراہ حیدری چوک اور شمس آباد میں رمضان بازاروں کا دورہ کرنے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی- رمضان بازار کی انتظامیہ اور خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی- رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف ایڈوکیٹ اور اے ڈی سی (جی) نازیہ پروین سدھن نے حیدری چوک کے رمضان بازاروں میں روز مرہ استعمال کی اشیاء کے یکے بعد دیگرے تمام سٹالوں کا معائینہ کیا اور رمضان بازار میں موجود اشیاء خورد و نوش بالخصوص گوشت، پولٹری، سبزیوں، پھلوں کی کوالٹی کو چیک کیا-رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف ایڈوکیٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے صو بے میں 330 رمضان بازار لگائے ہیں جبکہ راولپنڈی ضلع میں 16 رمضان بازار قائم کیئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے 5 ارب روپے کے خطیر رمضان پیکیچ کا اعلان کیا ہے - انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں آٹے اور چینی پر سبسڈی کے علاوہ تمام اشیاء خورد و نوش ارزاں نرخوں پر فراہم کی جا رہی ہیں - ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نازیہ پروین سدھن نے کہا کہ رمضان بازاروں میں شہریوں اور خریداری کے لئے آنے والے معذور اور بزرگ شہریوں کے لئے ضروری سہولتوں کے علاوہ صفائی کے خصوصی انتظامات کیئے گئے ہیں- انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران منافع خوروں اور مصنوئی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :